واشنگٹن:امریکی ناکہ بندی کے باوجود 24 گھنٹوں میں 20 سے زائد تجارتی جہاز آبنائے ہرمز سے گزر گئے ہیں۔امریکی جریدے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی ناکہ بندی کے باوجود گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20 سے زائد تجارتی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، جس نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا کی جانب سے آبنائے ہرمز پر سخت نگرانی اور کنٹرول کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔اس سے قبل سینٹ کام نے کہا تھا کہ ہرمز کی بندش کے ابتدائی 24 گھنٹوں میں 6 بحری جہازوں کو واپس بھیج دیا گیا جبکہ کوئی بھی ایرانی جہاز اس راستے سے نہیں گزر سکا۔سینٹ کام کے مطابق آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کیلئے 10 ہزار سے زائد سیلرز، میرینز اور ایئر مین تعینات کیے گئے ہیں، جو اس اہم بحری گزرگاہ پر مسلسل نگرانی کر رہے ہیں، امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندی خاص طور پر ایران کی بندرگاہوں کی طرف آنے جانے والے جہازوں پر لاگو ہے۔امریکی فوجی حکام نے مزید بتایا کہ ایران کے علاوہ خلیج کی دیگر تمام بندرگاہیں بین الاقوامی جہاز رانی کیلئے کھلی ہیں، تاہم ایران سے متعلق نقل و حرکت کو محدود کیا جا رہا ہے۔ماہرین کے مطابق متضاد دعوؤں نے اس صورتحال کو مزید غیر یقینی بنا دیا ہے، اور یہ عالمی تجارتی راستوں، تیل کی ترسیل اور خطے کی سلامتی پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
تبصرے بند ہیں.