امریکی باکسر مے ویدر سے ڈبلیو بی او کی بیلٹ واپس لے لی گئی

معروف امریکی باکسر فلوئڈ مے ویدر سے فلپائن کے مین پیکئیو کو شکست دینے کے بعد جیتی گئی ورلڈ باکسنگ چیمپیئن شپ کی بیلٹ واپس لے لی گئی ہے۔

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 38 سالہ مے ویدر کے پاس جولائی کی تین تاریخ تک کا وقت تھا جس میں انھیں ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کی 2 لاکھ ڈالر کی منظوری کی رقم ادا کرنا تھی جسے وہ وقت پر نہ دے سکے۔ مے ویدر سے امید کی جا رہی تھی کہ وہ ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کا ٹائٹل چھوڑ دیں گے۔ انھوں نے مینی پیکیائو سے جیت کے بعد اس بات کا اعلان بھی کیا تھا۔ اس مقابلے کو دنیا کا سب سے مہنگا مقابلہ کہا گیا تھا اور اس نے 40 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کیا تھا۔ مے ویدر سے لی گئی بیلٹ اب ان کے ہم وطن ٹِموتھی بریڈلی کو دے دی جائے گی۔
مے ویدر نے مینی پیکیائو سے جیت کے بعد کہا تھا کہ وہ اپنے تمام جیتے ہوئے ٹائٹل رضاکارانہ طور پر نئے آنے والے باکسروں کے لئے چھوڑ دیں گے تاکہ انھیں موقع مل سکے۔ ورلڈ باکسنگ چیمپیئن شپ کی ویب سائٹ پر جاری کئے گئے بیان میں لکھا گیا تھا کہ ورلڈ باکسنگ چیمپیئن شپ کمیٹی کے پاس اور کوئی چارہ نہیں ہے، سوائے اس کے کہ وہ مے ویدر جونیئر سے ڈبلیو بی او ویلٹر ویٹ چیمپیئن کا اعزاز واپس لے۔
خیال رہے کہ مے ویدر کے پاس اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے لئے 20 جولائی تک کا وقت ہے۔ مے ویدر سے امید کی جا رہی ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ سے پہلے ایک آخری میچ 12 ستمبر کو کھیلیں گے۔ انھوں نے ابھی تک اس میچ کے لئے اپنے حریف کا اعلان نہیں کیا۔ تاہم برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان ان سے میچ کو کھیلنے کے خواہش مند ہیں۔

تبصرے بند ہیں.