لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار الیکٹرک بسوں کی سہولت دیہی علاقوں تک پہنچائی جا رہی ہے۔مریم نواز نے دیہی آبادی کی ترقی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں دیہی برادریوں کے ملکی ترقی، زرعی پیداوار اور غذائی تحفظ میں کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مضبوط دیہی معیشت ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے۔اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں دیہات کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے، زراعت میں کلیدی کردار سے لے کر صدیوں پرانی روایات کی پاسداری تک، دیہات ہمارے معاشرے کی روح ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت دیہی برادریوں کو تعلیم ،ہنر، صحت اور پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کرکے بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے، حکومت صوبے کے تمام دیہاتی علاقوں میں تعلیم، صحت، صاف پانی، جدید زراعت اور بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ دیہات غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے، اقتصادی مواقع پیدا کرنے اور طویل مدتی استحکام کے فروغ کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ دیہی آبادی میں سرمایہ کاری درحقیقت زیادہ مضبوط اور لچکدار معاشروں کی بنیاد رکھنے کے مترادف ہے۔انہوں نے بتایا کہ ستھرا پنجاب پروگرام پہلی مرتبہ شہری علاقوں کے ساتھ دیہات میں بھی مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ تاریخ میں پہلی بار الیکٹرک بسوں کی سہولت دیہی علاقوں تک پہنچائی جا رہی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم صرف دیہی علاقوں میں رہنے والے بے روزگار افراد کے لیے متعارف کرائی گئی ہے، اس کے علاوہ 2 ہزار 400 سے زائد دیہات کو بنیادی شہری سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے مثالی گاؤں پراجیکٹ پر کام جاری ہے، جس کے تحت صاف پانی کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹس، پارکس اور بچوں کے کھیلنے کی جگہیں تعمیر کی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ لوکل روڈز پروگرام کے تحت 1,500 سے زائد منصوبوں کے ذریعے 3,300 کلومیٹر سے زائد دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت جاری ہے، جبکہ سوہنے پنڈ پنجاب دے پروگرام کے تحت دیہات میں پختہ گلیوں کی تعمیر، سڑکوں کی بحالی، چلڈرن پارکس کے قیام اور شجرکاری پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔
تبصرے بند ہیں.