الیکشن 8 فروری کو ہی ہونگے اس پر کوئی دورائے نہیں: مرتضیٰ سولنگی

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے اس پر کوئی دورائے نہیں۔مرتضیٰ سولنگی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کے مسائل ہیں، ملک میں اس سے زیادہ خراب صورت حال رہی ہے لیکن الیکشن ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن اس سے پہلے سردی کی بات کرتے تھے، دسمبر میں بھی انتخابات ہوئے ہیں، فروری سے زیادہ سردی دسمبر میں ہوتی ہے۔نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کے قریب خود کو مظلوم ثابت کرنا ہر سیاسی جماعت کی مجبوری بن جاتی ہے، ن لیگ شکایت کرتی ہے کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی۔وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی بھی شکایت کرتی ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، اگر کوئی جائز شکایت ہے تو میڈیا، عدالت اور الیکشن کمیشن فورمز ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت کی بنیادیں تب تک ٹھیک نہیں ہوں گی جب تک مسائل حل نہیں ہوں گے، معیشت ایک دن میں خراب نہیں ہوئی، ٹھیک بھی ایک دن میں نہیں ہو گی۔مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ فواد حسن فواد کی بریفنگ دیکھ لیں معاملات تیزی سے بہتری کی طرف جا رہے ہیں، نجکاری فہرست وہی ہے جو گزشتہ حکومت ہمیں دے کر گئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.