الطاف حسین کے بیان کا معاملہ برطانیہ سے نہیں اٹھایا ،دفتر خارجہ
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے برطانیہ سے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کے بیانات کا معاملہ نہیں اٹھایا، اس سلسلے میں نئی سیاسی حکومت کی ہدایات کا انتظار کیا جارہا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چوہدری سے ہفتہ وار بریفنگ میں الطاف حسین کے بیانات اور حکومت پاکستان کے ردعمل کے بارے میں متعدد سوالات پوچھے گئے، دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ وزارت خارجہ نے الطاف حسین کے بارے میں کسی بھی کارروائی کا آغاز نہیں کیا،نئی سیاسی قیادت کی طرف سے اس سلسلے میں ہدایات کا انتظار ہے،دفترخارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ چین کے نئے وزیراعظم لی کیکیانگ بائیس مئی کی صبح اسلام آباد پہنچیں گے، صدر آصف علی زرداری معزز مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ جبکہ نگران وزیراعظم عشائیہ دیں گے،مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف بھی تئیس مئی کی صبح چینی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے،ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام مکمل محفوظ ہے،ہمارا کنٹرول اینڈ کمانڈ سسٹم عالمی معیار کے عین مطابق ہے،پاکستان اور چین کے درمیان دفاع اور سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پہلے سے ہی تعاون موجود ہے،ترجمان نے کہا کہ بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں،ہمسایوں سے تعلقات بہتر کرنا ہماری خارجہ پالیسی میں اہمیت کا حامل ہے۔
تبصرے بند ہیں.