پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی پر تشدد اور ان کی ویڈیو کے معاملے پر چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے نوٹس لیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے کہا ہے کہ پاکستان کی بنیادیں شرفِ انسانی، خاندان کی تعظیم اور چادر و چار دیواری کی حرمت و تقدیس کےاقدار پر اٹھائی گئیں۔ برہنہ کرنے، زیرِ حراست تشدد کا نشانہ بنانےاور اب ایک ویڈیو کےذریعے اعظم سواتی کی اہلیہ کی خلوتوں کے پردے چاک کرنے سمیت ریاست کے ہاتھوں میں ان کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ ان تمام اقدار کی صریح خلاف ورزی ہے یہ نہایت صدمہ انگیز، پر لے درجے کی قابل نفرت و کراہت اور قابلِ مذمت ہے۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ خدا کرے کبھی کسی انسان کو اس سب سے نہ گزرنا پڑے۔ میری چیف جسٹس آف پاکستان سے استدعا ہے کہ وہ اس معاملے کا از خود نوٹس لیں۔ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایماء پر میں اعظم سواتی کی گھر کی دہلیز تک محدود، مکمل طور پر غیر عوامی اور تہجد گزار محترمہ اہلیہ سے معافی مانگنا چاہتا ہوں انہیں اس کرب، اذیت اور توہین و ذلت کے ناروا احساس کا بوجھ اٹھانا پڑا۔
تبصرے بند ہیں.