اسپاٹ فکسنگ: بھارتی کرکٹرز سمیت 10 بکیز گرفتار

نئی دہلی: انڈین پریمئیرلیگ میں اسپاٹ فکسنگ کا ایک اوراسکینڈل سامنے آگیا۔ نئی دہلی پولیس نے اسپاٹ فکسنگ کرنے پر بھارتی ٹیسٹ کرکٹر سری سانتھ سمیت راجھستان رائلز کے تین کھلاڑی اور دس بکیز کوگرفتارکرلیا۔ نئی دہلی پولیس نے ممبئی میں راجھستان رائلز کی ممبئی انڈینز کے خلاف شکست کے بعد بھارتی فاسٹ بالر سری سانتھ ، اجیت چنڈیلا اور انکیت چوون کوممبئی کے ایک ہوٹل سے گرفتار کر لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق تینوں کرکٹرز پر اسپاٹ فکسنگ کا چارج لگایا گیا ہے اور انہیں عدالت میں پیشی کیلئے نئی دہلی لے جایا جارہا ہے۔ پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ آئی پی ایل کے کون کون سے میچزمیں اسپاٹ فکسنگ ہوئی ہے۔ پولیس نے ممبئی سے سات اور نئی دہلی سے تین بکیزکوبھی گرفتارکیا ہے۔ سری سانتھ ستائیس ٹیسٹ اور تریپن ون ڈے میچز میں بھارت کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انڈین پریمئیرلیگ دنیا کی مہنگی ترین کرکٹ لیگ ہے جو مہنگے معاوضوں کے باعث دنیا کے نامور کرکٹرز کیلئے کشش کا باعث ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ اس لیگ میں بڑے پیمانے پر گیمبلنگ بھی ہوتی ہے۔ گزشتہ سال کے ایڈیشن میں ایک چینل کے اسٹنگ آپریشن کے دوران پانچ کرکٹرز نے پیسوں کے عوض خراب کارکردگی دکھانے پر رضا مندی ظاہرکی تھی جس کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے ان پر پابندی عائد کردی تھی۔

تبصرے بند ہیں.