اسنوکرچیمپئن شپ:لٹل اسٹار حارث نے محمد یوسف کو پچھاڑ دیا

کراچی : قومی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ میں نوجوان کھلاڑی حارث ندیم کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔لٹل اسٹار حارث نے سابق عالمی چیمپئن محمد یوسف کو بھی حیران کن شکست دیکر ایونٹ کے ناک آئوٹ مرحلے میں کھیلنے کے امکانات کو روشن کرلیا، نمبر چار سیڈ اسجد اقبال بھی محمد بلال سے شکست کھا گئے۔ محمد آصف، محمد سجاد اور عمران شہزاد نے اب تک کھیلے گئے چاروں مقابلوں میں فتح حاصل کی ہے۔ لیگ رائونڈ بدھ تک جاری رہے گا ۔ چیمپئن شپ کے تیسرے روز حارث ندیم نے سابق عالمی چیمپئن شپ محمد یوسف کو باآسانی 4-1 سے شکست دی۔ بیسٹ آف سیون فریمز کے مقابلے میں محمد یوسف نے پہلے فریم میں کامیابی حاصل کرکے شاندار آغاز کیا لیکن بعد میں حارث ندیم نے فائٹ بیک کیا اور چار مسلسل فریمز جیت کر اپنی فتح 4-1 سے کنفرم کی۔ نمبر چار سیڈ اسجد اقبال کے خلاف محمد بلال نے 4-1 سے فتح حاصل کی جس میں 65 کا خوبصورت بریک بھی شامل تھا۔ دیگر مقابلوں میں عبدالستار نے سخت مقابلے کے بعد شہرام چنگیزی کو 4-3 ، محمد آصف نے حمزہ اکبر کو 4-3 سے، محمد سجاد نے ریمبل گل کو 4-3 ، عمران شہزاد نے خرم حسین آغاکو 4-3 اور حمزہ اکبر نے بابر مسیح کو 4-3 سے شکست دی۔

تبصرے بند ہیں.