احساس پروگرام ، ملتان میں 70 سالہ خاتون امداد کےلئے جان سے ہاتھ دھو بیٹھی

ملتان (بیورو رپورٹ) قاسم پور کالونی میں احساس پروگرام کے لیے قائم سینٹر میں مبینہ طور پر بھگدڑ سے وہاں امدادی رقم وصول کرنے کے لیے آئی ایک 70 سالہ خاتون دم توڑ گئی جبکہ 20 دیگر خواتین زخمی بھی ہوگئیں، واقعے کے فوری بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، اس حوالے سے ترجمان ریسکیو 1122 احسان نے ڈان نیوز کو بتایا کہ جاں بحق عورت کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیا جبکہ 20 سے زائد زخمیوں کو بھی طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس نے مذکورہ معاملے پر کہا کہ امدادی رقم وصول کرنے کے لیے آنے والی 70 سالہ نزیراں بی بی گیٹ کے باہر رقم تقسیم ہونے کے وقت سے پہلے ہی صبح 7 بجے دل کا دورہ پڑنے کے باعث جاں بحق ہوئیں، اس ضمن میں ترجمان پولیس نے کہا کہ نزیراں بی بی صبح کو سورج میانی سے (مذکورہ سینٹر سے کافی دور واقع) قاسم پور پہنچی تھیں تاہم عمر زیادہ ہونے اور کمزور ہونے کی وجہ سے وہ گرگئی، انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں خاتون کو ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔پولیس کی جانب سے امدادی سینیٹر میں رقم کی فراہمی کے دوران بھگدڑ یا دھکم پیل کی تردید کی گئی اور کہا گیا کہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی عورت زخمی ہوئی، انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی آر پی او ملتان وسیم احمد خان، سی پی او ملتان محمد زبیر دریشک، ڈپٹی کمشنر ملتان محمد عامر خٹک اور دیگر سینئر افسران موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ترجمان پولیس فیاض نے بتایا کہ ضلع ملتان میں رقم کی تقسیم کے دوران کورونا وائرس کے پیش نظر حکومتی احکامات کو مد نظر رکھتے ہوئے سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.