اسلام آباد(کامرس رپورٹر ) حکومت نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں شناختی کارڈ کی مدت کی شرط ختم کردی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ کیش پروگرام میں کیٹگری ون 80 فی صد مکمل ہو گیا ہے جس کے بعد احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی کیٹگری ٹو چل رہی ہے،انہوں نے کہا کہ اب تک 69 ارب روپے 57 لاکھ خاندانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں، کیش امداد کے لیے 14 کروڑ 64 لاکھ 2 ہزار 638 ایس ایم ایس موصول ہوئے جب کہ 48ملین ایسے شناختی کارڈ نمبر تھے جو ایک بار سے زائد ایس ایم ایس سے آئے، اضلاع کی طرف سے ایس ایم ایس پر شناختی کارڈ نمبر موصول ہوئے۔ثانیہ نشتر نے بتایا کہ 88 لاکھ شناخی کارڈ کے بارے میں ایس ایم ایس فیملی ڈبلیکیشن پر مسترد کیے، 88 ہزار 621 شناختی کارڈ نمبر کی تصدیق نہیں ہو سکی۔، ان کا کہنا تھا کہ تیسری کیٹیگری پر جلد کام شروع ہو جائے گا اور کیٹیگری میں صوبوں کی آبادی کے لحاظ سے کوٹہ مقرر ہے۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے بڑا سماجی تحفظ کا پروگرام نہیں ہوا، وزیراعظم کی ہدایت ہے پروگرام کو غیر سیاسی اور شفاف رکھا جائے، یہ پروگرام لاک ڈاون اور مشکل حالات میں چل رہا ہے اس لیے مسئلے آتے ہیں، اس وقت فنگر پرنٹس کا بھی مسئلہ درپیش آرہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ کی مدت ختم ہونے والوں کو رقم کی ادائیگی بڑا مسئلہ تھا لیکن اب شناختی کارڈ کی مدت کی شرط ختم کر دی ہے۔
تبصرے بند ہیں.