آسٹریلین ایئر لائن میں سانپ کی موجودگی پر سیکڑوں مسافررات ہوٹل میں گزارنے پر مجبور

سڈنی: آسٹریلین ایئر لائن کی سڈنی سے جاپان جانے والی پرواز پر ایک چھوٹے سانپ کی موجودگی نے سیکڑوں مسافروں کورات ہوٹل میں گزارنے پر مجبور کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آسٹریلین ایئر لائن کوانٹس کی خاتون ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر لائن کے عملے نے سڈنی سے ٹوکیو جانے والی پرواز بوئنگ 400-747کے دروازے پر تقریبا20 سینٹی میٹر لمبے غیر زہریلے سانپ کو دیکھا، جسے متعلہ عملے کے اہلکاروں نے پکڑ کر حفاظتی مقام پر منتقل کر دیا ۔آسٹریلین ایئر لائن کی خاتون ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ پتہ چلا یا جا سکے کہ یہ سانپ جہاز میں کس طرح آیا۔ دوسری جانب آسٹریلین ایئر لائن کے جہاز میں سانپ کی موجو دگی کے باعث تمام 370 مسافروں کو پوری رات ہوٹل میں قیام کرایا گیا اورانہیں اگلی صبح منزل مقصود کی جانب روانہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ رواں برس کے دوران آسٹریلین ایئر لائن کوانٹس میں سانپ برآمد ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے ، اس سے قبل جنوری میں بھی کوانٹس ایئر لائن میں ایک 9 فٹ لمبا ازدھا پایا گیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.