آسٹریلیا، ون ڈے کے بعد ٹیسٹ کی نمبرایک ٹیم بن سکتی

آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم ون ڈے کے بعد اب ٹیسٹ سیریز میں بھی پاکستان کو وائٹ واش پر مجبور کر کے آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لیے تیار نظر آتی ہے۔

دبئی (ویب ڈیسک) عالمی میڈیا کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل بدھ کے روز سے دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے اور اگر آسٹریلوی ٹیم نے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دونوں میچزجیت لیے تو وہ جنوبی افریقہ کی جگہ ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی نمبر ایک ٹیم بن جائے گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آسٹریلیا نے اس دورے میں ون ڈے سیریز بھی عالمی رینکنگ کی نمبر دو ٹیم کے طور پر شروع کی تھی اور سیریز کے تینوں میچز جیت کر اس نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ اس وقت فتح کے نشے میں چور آسٹریلیا کو پاکستان پر نفسیاتی برتری حاصل ہے۔ پاکستانی ٹیم نے لگاتار تیرہ ٹیسٹ میچز ہارنے کے بعد دو ہزار دس میں ہیڈنگلے میں کھیلا گیا ٹیسٹ میچ محمد عامراور محمد آصف کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں تین وکٹوں سے جیتا تھا۔ اسی دورے میں یہ دونوں باولرز اپنے کپتان سلمان بٹ کے ساتھ سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں پکڑے گئے تھے۔ آسٹریلوی ٹیم دبئی میں پہلی بار ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔ اس سے قبل اس نے پاکستان کے خلاف دو ہزار دو میں شارجہ میں دو ٹیسٹ میچ کھیلے تھے جو اس نے جیتے تھے۔ –

تبصرے بند ہیں.