آسٹریلوی کپتان کلارک زخمی ، پاکستان کے خلاف سیریز میں شرکت مشکو

آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کے لئے انجری کے باعث پاکستان کے خلاف یو اے ای میں ہونے والی سیریز میں حصہ لینا مشکوک ہو گیا ہے۔ ان کی غیر موجودگی ٹیم کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

سڈنی (نیٹ نیوز) مائیکل کلارک زخمی ہونے کے بعد زمبابوے میں سہ ملکی سیریز ادھوری چھوڑ کر واپس سڈنی جا چکے ہیں۔ اب انہیں پاکستان کے خلاف امارات میں ہونے والے پہلے ایک روزہ میچ سے قبل فٹنس کے سخت مسائل کا سامنا ہے ، اور ان پانچ ہفتوں کے دوران انہیں مختلف قسم کے ٹیسٹوں سے بھی گزرنا ہو گا۔ سڈنی میں ان کا ایم آر آئی ہو چکا ہے جس میں بائیں مسل میں انجری ملی ہے۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ مزید ایک ہفتے بعد ہی پتہ چل سکے گا کہ وہ ٹریننگ کیمپ کا حصہ بنیں گے اور کھیلنے کے قابل ہو سکیں گے یا نہیں۔ کلارک زمبابوے پہنچتے ہی پریکٹس کے دوران زخمی ہو گئے تھے اور پہلے دو میچز میں حصہ بھی نہ لے سکے۔ تیسرے ایک روزہ میچ میں کھیل کر 68 رنز ناٹ آوٹ کی اننگز کھیلی جس کے بعد ان کی تکلیف میں اضافہ ہو گیا۔ ہر چند کہ وہ فیلڈنگ کے دوران کچھ عرصہ میدان سے باہر رہے ، تا ہم بعد میں نہ صرف واپس آئے بلکہ باولنگ بھی کرائی ، مگر اس کے باوجود وہ آسٹریلیا کو اکتیس برس بعد زمبابوے کے ہاتھوں شکست سے نہ بچا سکے۔ اب اکتوبر میں شروع ہونے والی سیریز میں اگر وہ دستیاب نہ ہوئے تو یہ آسٹریلیا کے لئے ایک بڑا سیٹ بیک ثابت ہو سکتا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں تین ایک روزہ اور ایک ٹی ٹونٹی میچ ہو گا۔ آغاز پانچ اکتوبر سے ہو گا۔ –

تبصرے بند ہیں.