آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کااعلان ایک ہی وقت ہوگا، وزیراعظم آفس

اسلام آباد: وزیر اعظم آفس کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کااعلان ایک ہی وقت میں ہوگا۔ وزیر اعظم آفس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے تقرر کے حوالے سے اپنی آئینی ذمہ ادریوں سے پوری طرح آگاہ ہیں لیکن اس عہدے پر میرٹ کے مطابق تقرری کے لئے وہ مشاورت کو بہت ضروری سمجھتے ہیں، حکومت وہی فیصلہ کرے گی جو ملک و قوم کے مفاد میں ہوگا۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کاعہدہ بھی جلد ہی خالی ہونے والا ہے اس لئے وزیر اعظم نواز شریف آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کااعلان ایک ہی وقت کریں گے۔ اس سے قبل رائیونڈ میں وزیراعظم نواز شریف سے ان کے بھائی اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شبہاز شریف نے طویل ملاقات کی، جس میں آئندہ آرمی چیف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیئرمین نیب کے عہدوں پر تقریوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ڈھائی گھنٹے طویل مشاورت کے دوران اس بات پر اتفاق کیا کہ عسکری اور سول عہدوں پر تعیناتیوں میں میرٹ اور سنیارٹی کو ملحوظ خاظر رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آرمی چیف اور چیئرمین نیب سمیت تمام عہدوں پر تعیناتی دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت اور شفاف طریقے سے کی جائے گی۔ واضح رہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں کل ریٹائر ہورہے ہیں ان کی جگہ نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے لئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد آصف سندھیلا ، پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ اور پاک فوج کے سینئر ترین جنرل لیفٹیننٹ جنرل ہارون اسلم کے نام زیر غور ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل ہارون اسلم کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بننے کی صورت میں لیفٹیننٹ جنرل راشد محمود پاک فوج کے سینیئر ترین جرنیل بن جائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.