آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی؛ پاکستان کا ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 171 رنز کا ہدف
لندن: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 171 رنز کا ہدف دیا ہے، پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 170 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جب کہ 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ اوول کے گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں ویسٹ انڈیزکے کپتان ڈیوائن براوو نے ٹاس جیت کرپہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی اور ان کا یہ فیصلہ ویسٹ انڈیز کے لئے بہت سودمند ثابت ہوا، پاکستان کی ابتدائی 3 وکٹیں صرف 15 رنز کے عوض ہی گرگئیں، اوپنر عمران فرحت 2 ، محمد حفیظ 4 اور اسد شفیق بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، ناصر جمشید نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور وہ 50 رنز بنا کرآوٹ ہوئے، شعیب ملک ایک مرتبہ پھر ناکام ثابت ہوئے اور بغیر کھاتہ کھولے ہی واپس لوٹ گئے، وکٹ کیپر کامران اکمل صرف 2 رنز بناسکے ،وہاب ریاض 6 جب کہ سعید اجمل 2 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان مصباح الحق ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری وقت تک کریز پر موجود رہے، انہوں نے 96 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ اور سنیل نرائن نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ روی رامپال اور ڈیوائن براوو ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
تبصرے بند ہیں.