وزیراعظم میاں محمد نواز شریف جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد لندن پہنچ گئے۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی ہم منصب من موہن سنگھ کے ساتھ بلوچستان میں مداخلت کا معاملہ اٹھایا اور واضح کیا کہ خطے کے عوام کیلئے قیام امن ضروری ہے۔ نیویارک سے لندن پہنچنے پرصحافیوں سے گفت گو میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی ہم منصب پر واضح کیا کہ دہشت گردی پاکستان کا نہیں بہت سے ممالک کا مسئلہ ہے۔ خطے میں قیام امن ضروری ہے اس لیے پاک بھارت روابط کا سلسلہ جاری رہنا چاہیئے، صرف مذاکرات ہی قیام امن کا واحد راستہ ہے۔ نواز شریف نے اس موقع پرکہا کہ کالعدم طالبان پشاور دھماکوں میں ملوث ہونے کی تردید کرچکے ہیں، اب یہ دیکھنا ہوگا کہ کون سے چھپے عناصر دھماکوں میں ملوث ہیں، ان چھپے ہوئے عناصر تک پہنچنے کی کوشش کرنی چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ طالبان کے مسئلے پر پاکستان پہنچنے کے بعد حکمت عملی بنائیں گے۔ ملک میں دہشت گردی کے پیچھے جو خفیہ ہاتھ ہیں ان کو بے نقاب کرنے کی کوشش کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کااصولی موقف پیش کیا۔ آئندہ ماہ امریکی صدر بارک اوباما سے ملاقات میں بھی ڈرون حملوں کا مسئلہ اٹھائیں گے۔
تبصرے بند ہیں.