لاہور: پنجاب اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے حالیہ بیان کے خلاف ایک اور مذمتی قرارداد جمع کرا دی گئی۔قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن راحیلہ خادم حسین نے اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی، جس میں شہداء وطن کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک کی سلامتی، خودمختاری اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا، شہداء کی عظیم قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور انہیں کسی بھی مادی مفاد یا تنخواہ سے جوڑنا نامناسب ہے۔قرارداد میں کہا گیا کہ شہداء کی قربانیوں کو تنخواہ یا مالی مفاد سے جوڑنا ان کے بلند مرتبے اور اہل خانہ کے جذبات کے منافی ہے، جبکہ شہادت ایثار، حب الوطنی، ایمان اور فرض شناسی کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔متن کے مطابق شہداء کی قربانیوں کی اہمیت کم کرنے یا ان کی توہین کا باعث بننے والا ہر بیان قابلِ افسوس ہے۔ پنجاب اسمبلی پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر سکیورٹی فورسز کے تمام شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی اور بھرپور اظہارِ ہمدردی کا اعادہ کرتی ہے۔قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا، تمام سیاسی اور مذہبی رہنماؤں سے قومی معاملات اور شہداء سے متعلق بیانات میں ذمہ داری، احتیاط اور احترام برتنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔قرارداد میں مولانا فضل الرحمٰن کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہداء سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیانات کی حوصلہ شکنی کی جائے جبکہ ریاست سے استدعا کی گئی ہے کہ ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے جو شہداء کے احترام کو مجروح کریں۔قرارداد میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ اور باعثِ افتخار رہیں گی۔
تبصرے بند ہیں.