Latest National, International, Sports & Business News

ملک بھر میں یوم دفاع جوش و خروش سے منایا جارہا ہے

ملک بھر میں یوم دفاع جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب ہوئیں۔ شہدا کے مزارات پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔ پاکستان ایئرفورس رسالپور اکیڈمی کے تازہ دم دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور اپنے فرائض سنبھالے۔ ائر وائس مارشل راشد کمال ائر افسر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی رسالپور نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ نیول کمپلیکس اسلام آباد میں بھی یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ نے پرچم کشائی تقریب سے خطاب کیا۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر نیول اکیڈمی منوڑہ میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ کیڈٹس نے مارچ پاسٹ کیا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ مزار اقبال پر ہونے والے پروقار تقریب میں رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ گریژن کمانڈر میجر جنرل شاہد بیگ نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ لاہور میں میانی صاحب قبرستان میں میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر میجر جنرل بلال اکبر نے فاتحہ خوانی کی۔ پاک فوج کے تازہ دم دستے نے میجر شبیر شریف شہید کے مزار کو سلامی پیش کی۔ لاہور کے علاقے باٹا پور میں ہونے والی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے شہدا کی یادگار پر حاضری دی۔ پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ گگو منڈی میں یوم دفاع کے موقع پر میجر طفیل شہید کے مزار پر دعائیہ تقریب ہوئی۔ دولتانہ میں سپاہی سوار محمد حسین شہید کے مزار پر پاک فوج کے دستے نے سلامی دی۔ صوابی میں پاک فوج کے دستے نے کارگل جنگ کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے مزار پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.