انقرہ: سوشل میڈیا پر مرسی کی خودکشی کی افواہیں گردش کرنے لگیں جبکہ اخوان نے کہا ہے کہ یہ سابق صدر کو قتل کرنیکی سازش کا حصہ ہے۔ مصری خبر ایجنسی کے مطابق معزول صدر محمد مرسی نے پیر کی رات جیل میں چاقو سے خود کشی کی کوشش کی لیکن فوجیوں نے انھیں بچا لیا۔ اخوان المسلمون کا کہنا ہے کہ ان اطلاعات کو پھیلا کر سابق صدر کو جیل میں قتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے کیونکہ سچا مسلمان کبھی خود کشی نہیں کرسکتا۔ مصری حکام نے اخوان المسلمون کی حامی جماعت کے رہنما صفوت حجازی کولیبیا جاتے ہوئے اور ترجمان مراد علی کواٹلی فرار ہوتے ہوئے ایئر پورٹ سے حراست میں لے لیا۔ ادھر ترک وزیراعظم طیب رجب اردگان کا کہنا ہے کہ مرسی حکومت کا تختہ الٹنے اور ہنگاموں میں اسرائیل کا ہاتھ ہے کیونکہ مغربی ممالک انتخابی نتائج سے خوش نہیں تھے۔ترک وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ ہمارے پاس اس بات کے واضح شواہد موجود ہیں کہ مصر میں جولائی کی فوجی بغاوت میں اسرائیل کا ہاتھ ہے۔ طیب اردگان نے کہا مغرب جمہوریت کی نئی تعریف کی کوششوں میں مصروف ہے، مصری انتخابات سے قبل فرانسیسی وزیرانصاف نے کہا تھا کہ اگر اخوان المسلمون جیت بھی گئی تو وہ برسراقتدار نہیں آئے گی اور نہ ہی اسے تسلیم کیا جائے گا کیونکہ جمہوریت کوئی بیلٹ باکس نہیں ہے اور حالیہ اقدامات سے یہ تاثر ملتا ہے کہ دانشور یہی رائے رکھتے ہیں کہ جمہوریت بیلٹ بکس نہیں۔ دوسری طرف اسرائیلی وزارت خارجہ نے ترک وزیراعظم کے الزام پر تبصرے سے انکار کر دیا۔ دریں اثنا مصر کے عبوری وزیراعظم حاظم البلادی نے غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویوں میں کہا کہ امریکا مصر کی فوجی امداد بند کرکے بہت بڑی غلطی کرے گا، مصر کو اسلحے کی فراہمی اور فوجی امداد روکنے کے خطے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور مصر کی فوجی طاقت وقتی طورپر متاثر ہوگی لیکن ہم ہر طرح کی صورتحال کا مقابلہ کرنے اور اپنی سالمیت کے تحفظ کیلیے پوری طرح تیار ہیں۔ ادھر ڈھاکہ سے اطلاعات کے مطابق مصر نے بنگلہ دیش میں اپنا سفارتخانہ 11 روز کیلیے بند کردیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.