Latest National, International, Sports & Business News

لاپتہ افراد کیس؛ عدالت کی سیکیورٹی اور خفیہ اداروں کو افراد کی بازیابی کیلئے 2 ہفتے کی مہلت

اسلام آ باد: سپریم کورٹ نے لاپتہ افرد کی بازیابی کے لئے ایف سی ، پولیس اور خفیہ اداروں کو 2 ہفتے کی مہلت دے دی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران چیف جسٹس نے لاپتہ افرد کی بازیابی کے لئے ایف سی ،پولیس اور خفیہ اداروں کو 2 ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کرکے پیش کیا جائے، اگر لاپتہ افراد میں کوئی کسی جرم میں ملوث ہے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے، انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کی گمشدگی میں ایف سی اوردیگر سکیورٹی اداروں کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور نے بیان دیا کہ سماعت سے قبل چیف سیکریٹری کی صدارت میں اعلیٰ اجلاس میں لاپتہ افراد سے متعلق 12 اکتوبر کے عدالتی حکم کا مکمل جائزہ لیا گیا، اجلا س میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ لاپتہ افرا د کے کیسز کا فردا فردا جائزہ لیا جائےگا، آئی جی پولیس ،آئی جی ایف سی اور چیف سیکرٹری لاپتہ افراد کی بازیابی میں دلچسپی لے رہے ہیں، جواب میں چیف جسٹس نے کہا کہ آپ لاپتہ افراد کو جلد از جلد بازیاب کرائیں، جسٹس جوا دایس خواجہ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی جوا ز نہیں کہ کل آئی جی ایف سی کون تھے اور آج کوئی اور ہیں۔ 3 سال کا عرصہ بہت ہوتا ہے اب تو پروگریس ہونی چاہیے، عدالت نے کیس کی سماعت 2 ہفتے کے لئے ملتوی کردی۔

تبصرے بند ہیں.