Latest National, International, Sports & Business News

عوام کو اختیارات نہ دیے گئے تو ملک ٹوٹ جائیگا، مصطفی کمال

کراچی: کراچی کے سابق ناظم مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کراچی کی حالت انتہائی افسوسناک ہے بدقسمتی سے اس وقت ایک فی صد اختیارات بھی ایم کیو ایم کے پاس نہیں۔ میری نظامت کے دوران بھی بارش ہوتی تھی لیکن کبھی اس طرح کے حالات نہیں ہوئے، اگر خدانخواستہ عوام کو نچلی سطح پر اختیارات نہ دیے گئے تو ملک ٹوٹ جائیگا، الطاف حسین کی بیماری کے حوالے سے خبریں بالکل بے بنیاد ہیں، ڈاکٹرعمران فاروق کے قتل کی تحقیقات ہورہی ہیں، الطاف بھائی اور ایم کیو ایم اس میں تعاون کررہے ہیں ۔ شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ ہم نے اپنے دور میں کراچی میں دیرپاکام کیا اور کوئی بھی منصوبہ ایسا نہیں جو فلاپ ہوگیا ہو یا کام کرنا چھوڑ گیا ہو، خدا کا شکر ہے کہ ہمارے دور میں شروع کئے گئے سارے ہی پروجیکٹ چل رہے ہیں ۔ اب بارش کے پانی نے جو تباہی مچائی ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال ہی نہیں کی گئی۔ اگر ہم نے اچھا کام نہ کیا ہوتا تو پھر پانی کراچی کی سڑکوں پر ہی رہتا۔ میں نے پرویزمشرف کے ساتھ کم اور صدر آصف زرداری کے ساتھ زیادہ وقت گزارا ہے۔ صدر زرداری کے دورمیں فنڈز کا اجرامشکل ہوتا تھا لیکن میں عوام کے حقوق کیلیے شورشرابہ کرکے کام چلا لیا کرتا تھا۔ میں ڈیڑھ ارب روپے کی مشینری چھوڑکرگیا تھا جس کو زنگ لگادیا گیا ہے اور مشینری نکال کر بیچ کھائی گئی ہے۔ ہم بارش کے بعد اسپرے کروایا کرتے تھے تاکہ کسی قسم کی کوئی بیماریاں نہ پھیلیں لیکن موجودہ انتظامیہ کچھ بھی نہیں کرسکی کیونکہ یہ لوگ عوام کے منتخب نمائندے نہیں۔ یہ صر ف نو سے پانچ تک کی ڈیوٹی کرنے والے لوگ ہیں اوراس طرح کے کاموں میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے ان کے ساتھ جان مارنی پڑتی ہے۔

تبصرے بند ہیں.