اسلام آ باد: فیڈرل بورڈآف ریونیو(ایف بی آر) نے اپنی اور اپنے اہل و عیال کی دہری شہریت کے بارے میں معلومات فراہم نہ کرنے والے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز سمیت ملک بھر میں قائم ایف بی آر کے ماتحت اداروں و فیلڈ فارمشنز میں تعینات افسران و ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں ایف بی آر کے سینئر افسر نے بتایا کہ ایف بی آر نے ہیڈ کوارٹرز سمیت ملک بھر میں قائم تمام ممبران، چیفس، چیف کلکٹرز، ڈائریکٹرز جنرل سمیت دیگر ڈپارٹمنٹ کے سربراہان کو لیٹر لکھے تھے جس میں تمام افسران و ملازمین کو متنبہ کیا گیا تھا کہ وہ اپنے اور اپنے بیوی بچوں کی شہریت کے بارے میں مکمل کوائف 17 جولائی تک ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز بھجوا دیں اور جو لوگ کوائف مطلوبہ تاریخ تک نہیں بھجوائیں گے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائیگی، ایف بی آر کی طرف سے فیلڈ فارمشنز کو بھجوائے جانے والے لیٹر کے ساتھ 2 پرفارمے بھی بھجوائے گئے تھے ۔جن میں ملازمین کو کوائف درج کرنا تھے۔ حکام کے مطابق پرفارمہ اے میں ملازمین کو اپنے جبکہ پرفارمہ بی میں اپنے بیوی بچوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنا تھیں جن میں ملازمین کو یہ بتانا تھا کہ وہ یا اسکے خاندان کے کتنے افراد دہری شہریت رکھتے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ اب چونکہ ڈیڈ لائن ختم ہوچکی ہے اور اس ڈیڈ لائن تک معلومات فراہم کرنے والے ملازمین و افسران کی فہرستیں مرتب کی جارہی ہیں اور ان کے خلاف کارروائی شروع کی جائیگی۔
تبصرے بند ہیں.