پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی اور بیرونِ ملک مسلسل آٹھ ٹیسٹ شکستوں کے بعد فتح حاصل کر لی۔پورٹ آف اسپین میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز پاکستان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو دوسری اننگز میں 117 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ میزبان ٹیم نے دن کا آغاز 103 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا، تاہم باقی تین وکٹیں صرف 14 رنز کے اضافے پر گر گئیں، جبکہ زخمی اوپنر برانڈن کنگ کمر کی تکلیف کے باعث بیٹنگ کے لیے میدان میں نہ آ سکے۔پاکستان کی جانب سے اسپنرز ساجد خان اور علی عثمان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار، چار وکٹیں حاصل کیں اور ویسٹ انڈیز کو بڑا اسکور بنانے سے روک دیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا گیا 75 رنز کا ہدف پاکستان نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ امام الحق 9 اور اذان اویس 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ عبداللہ شفیق 24 اور کپتان بابر اعظم 24 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے اور ٹیم کو فتح دلائی۔اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ یہ پاکستان کی 2023 میں سری لنکا کو اس کی سرزمین پر شکست دینے کے بعد بیرونِ ملک پہلی ٹیسٹ فتح بھی ہے، جس نے ٹیم کے اعتماد میں اہم اضافہ کیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.