Latest National, International, Sports & Business News

دورہ بھارت سے اچھا بولر بننے میں بھرپور مدد ملی، محمد عرفان

دنیا کے سب سے طویل القامت فاسٹ بولر محمد عرفان نے کہا ہے کہ دورئہ بھارت سے اچھا بولر بننے میں بھرپور مدد ملی۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ عالمی شہرت یافتہ بھارتی بیٹسمینوں کیخلاف تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیمز میں بولنگ کر کے میری شخصیت میں اعتماد اور کارکردگی میں بہتری آئی، پھر اس کے بعد میں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا،7 فٹ قد کے حامل عرفان نے کہا کہ روایتی حریف کے خلاف ملنے والا موقع کامیابی یا ناکامی کی وجہ بن جاتا ہے اور میں خود کو خوش قسمت گردانتا ہوں،اب میں دنیا کے کسی بھی بیٹسمین کے خلاف بولنگ کرتے ہوئے قطعی طور پر کسی گھبراہٹ کا شکار نہیں ہوتا۔نھوں نے مزید کہا کہ عظیم آل راؤنڈر وسیم اکرم کی زیر نگرانی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 10 روزہ تربیتی کیمپ سے میری صلاحیتوں کو جلا ملی، انھوں نے مجھے ان سوئنگ گیند کرنے کا گُر سکھایا،لیفٹ آرم بولر کی حیثیت سے دونوں جانب گیند کو سوئنگ کرنے کی صلاحیت سے وکٹ کے حصول میں آسانی ہوجاتی ہے،عرفان نے کہاکہ میرے پاس پیس اور باؤنس ہے،چاہے مقابل کوئی بھی بیٹسمین کیوں نہ ہو دونوں طرف سوئنگ کرنے کی اہلیت سے میں نئی گیند سے وکٹ حاصل کر سکتا ہوں۔ فٹنس کے مسائل کا شکار رہنے والے طویل قامت بولر نے اعتراف کیا کہ مجھے دوسرے کھلاڑیوں کی نسبت اپنی فٹنس بہتر کرنے کے لیے زیادہ محنت کی ضرورت ہے،مگر میرے نزدیک یہ زیادہ سنجیدہ معاملہ نہیں ہے،اب میں اپنی فٹنس پر کافی وقت صرف کر رہا ہوں، موزوں سائز کے جوتے مل جانے سے بولنگ کے دوران فٹنس کا مسئلہ بھی درپیش نہیں ہوتا،محمد عرفان کی خواہش ہے کہ وہ مزید4سے5 برس پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے رہیں،ٹیم سے دور گزارے18 ماہ کا دکھ آج بھی دل میں ہے، میں سمجھا تھا کہ اب دوبارہ کبھی قومی ٹیم میں شامل ہوکرانٹرنیشنل کرکٹ میں واپس نہیں آ سکوں گا،وہ لوگ جنھیں میں اپنے نزدیک سمجھتا تھا مشکل گھڑی میں میرا ساتھ چھوڑ گئے،اس دوران مجھ پر زندگی کی حقیقت بھی آشکار ہوگئی۔

تبصرے بند ہیں.