Latest National, International, Sports & Business News

ایف بی آر نے انکم و سیلز ٹیکس آڈٹ کے لئے آڈٹ پالیسی کی منظوری دے دی

اسلام آ باد: فیڈرل بورڈآف ریونیو (ایف بی آر) کی بورڈ ان کونسل نے پاور کمپنیوں، بینکوں، سیمنٹ فیکٹریوں،شوگر ملوں،ٹیکسٹائل اور سروسز سیکٹر سمیت دیگر شعبوں کے صنعتی یونٹس و ٹیکس دہندگان کا انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس آڈٹ کیلیے آڈٹ پالیسی 2012-13 کی منظوری دیدی ہے اور مختلف عدالتوں و دیگر قانونی فورمز پر زیر سماعت مقدمات میں معاونت کیلیے ایف بی آر میں مالیاتی قوانین کے ماہر کنسلٹنٹ کی تعیناتی کی بھی منظوری دیدی ہے۔ ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل کا اجلاس چیئرمین ایف بی آرطارق باجوہ کی زیر صدارت ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں ایف بی آر کے تمام ممبران نے شرکت کی اجلاس میں ٹیکس دہندگان کے آڈٹ کیلیے آڈٹ پالیسی کی منظوری دی گئی ہے۔ دستیاب بورڈ ان کونسل کی طرف سے منظور کردہ آڈٹ پالیسی 2012-13 کے مسودے کی کاپی کے مطابق آڈٹ پالیسی کے تحت ٹیکس دہندگان کے آڈٹ کا بنیادی مقصد ٹیکس چوری کیخلاف موثر ڈیٹرنس کو فروغ دینا ہے۔ جبکہ اس آڈٹ پالیسی کے تحت کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے آڈٹ کیلیے منتخب ہونیوالے ٹیکس دہندگان کا پروفیشنل طریقے سے آڈٹ کیا جائیگا اور ٹیکس دہندگان کو مختلف ٹیکس قوانین کے تحت الگ الگ نوٹس جاری کیے جائیں گے اور ٹیکس دہندگان کے ساتھ آڈٹ کے حوالے سے ہونیوالی تمام خط و کتابت آڈٹ ٹریل بذریعہ آٹومیٹڈ سسٹم(ٹی اے ایم ایس) کے ذریعے ہوگی۔ اس کے علاوہ ٹیکس دہندگان کو بھجوائے جانے والے تمام نوٹس قانونی طور پر منظوری کے بعد جاری کیے جائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.