اسلام آباد:وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد پر اب چڑھائی ہوئی تو ایسا روکیں گے کہ آئندہ کوئی آنے کا سوچے گا بھی نہیں۔ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومتی وسائل یا طاقت کی بنیاد پر کسی شہر پر حملہ نہیں ہوسکتا، اسلام آباد پر حملہ کیا گیا تو حلف کی خلاف ورزی ہوگا، ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والا توہین عدالت کا مرتکب ہوگا، ویسے ہم ان کی اسٹریٹ پاور کا اندازہ لاہور اور وزیرآباد کی گلیوں سے لگا چکے ہیں۔طلال چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کی تاریخ 26 نومبر اور 9 مئی ہے، اب چڑھائی ہوئی تو ایسے روکیں گے کہ آئندہ کوئی سوچے گا بھی نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے بعد احتجاج اور چڑھائی نہ کرنا لازم ہے، آپ اپنے صوبے کی طاقت کو وفاق کے خلاف استعمال نہیں کرسکتے۔وزیر مملکت داخلہ کا کہنا تھا کہ جب بھی حالات سنبھلنے لگتے ہیں تو اس طرح کا کھیل شروع ہوجاتا ہے، ان کا یہ خیال غلط ہے کہ ایسی حرکتوں سے بانی کو کوئی فائدہ ہوگا، جیل میں قیدی سے ملاقات جیل رولز کے تحت ہی ہوسکتی ہیں، سڑکیں بند کرنے یا احتجاج کرنے سے جیل میں ملاقاتیں نہیں ہوں گی۔انہوں ںے کہا کہ گزشتہ احتجاج میں سیکیورٹی اہلکاروں کو مارا، کچلا، گولیوں مار کر زخمی کیا گیا، تحریک انصاف کے صوبائی صدر کہتے ہیں اسلام آباد کو سومنات بنائیں گے، سومنات تو لاشیں گرانے اور توڑ پھوڑ کرنے سے ہی بن سکتا ہے۔انہوں ںے مزید کہا کہ آئین میں گورنر راج کا آپشن موجود ہے، وفاقی حکومت سیاسی حکومت ہے، کوئی کام جلد بازی میں نہیں کرنا چاہتے، سیاسی لوگوں کو موقع دینا چاہتے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.