چیف جسٹس نے اسلام آباد واقعہ کیخلاف درج درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی
اسلام آباد: چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اسلام آباد واقعہ کے خلاف درج درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے اس پر اپنی سربراہی میں 3 رکنی بینچ قائم کر دیا ہے ۔ ایڈووکیٹ طارق اسد کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ایک مسلح شخص نے 5 گھنٹے تک وفاقی دارلحکومت کو یرغمال بنائے رکھا اور اپنی بیوی اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا جب کہ پولیس کی جانب سے اس واقعے کو طول دیا گیا۔ چیف جسٹس نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے اپنی سربراہی میں 3 رکنی بینچ تشکیل دے دیا ہے جو کہ کیس کی سماعت 19 اگست کو کرے گا۔ واضح رہے کہ جمعرات کی شام کو جدید اسلحہ سے لیس محمد سکندر نامی ایک شخص نے اپنی بیوی اور 2 بچوں کے ہمراہ جناح ایونیو کی سڑک کو 5 گھنٹوں تک بلاک کر رکھا تھا تاہم پیپلز پارٹی کے رہنما زمرد خان نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکندر کو دبوچنے کی کوشش کی جس کے بعد پولیس اور رینجرز نے فائرنگ کرکے اسے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا۔