نئے بلدیاتی نظام پر مشاورت جلد مکمل کی جائے، قائم علی شاہ
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے تشکیل دی گئی کمیٹی کا اجلاس جمعے کووزیراعلیٰ ہائوس میں منعقد ہوا۔ لوکل گورنمنٹ کمیٹی کے اراکین نثار احمد کھوڑو ، ڈاکٹر سکندر مندھرو ، میر ہزار خان بجارانی اور شرجیل انعام میمن نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمیٹی نے وزیراعلیٰ سندھ کو بلدیاتی نظام کے بل کے حوالے سے اب تک ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ کمیٹی نے بتایا کہ متحدہ قومی موومنٹ اورن لیگ کے رہنمائوں کو لوکل گورنمنٹ کے بل کا مسودہ پیش کیا گیا ہے جبکہ باقی جماعتوں سے بھی اس ضمن میں رابطے کیے جارہے ہیںوزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں ایسا بلدیاتی نظام لانا چاہتے ہیں جو عوامی امنگوں کے عین مطابق ہو اس لیے تمام جماعتوں سے مشاورت کے عمل کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ سندھ میں متفقہ بلدیاتی نظام لایا جاسکے ۔ دریں اثنا ن لیگ کے 4رکنی وفدنے عرفان اللہ مروت کی سربراہی میںلوکل گورنمنٹ کمیٹی سے جمعے کووزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی۔دوسر ی جانب ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان نئے بلدیاتی نظام پر آج (ہفتے کو) وزیراعلیٰ ہائوس میں مذاکرات ہوں گے۔