کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زرغون روڈ پر زوردار دھماکا ہوا جس میں 10 افراد شہید ہو گئے جبکہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کے علاوہ پانچ دہشت گردوں کو مارا گیا، دہشت گردوں کے حملےمیں 2 ایف سی جوان زخمی ہوئے ہیں، حملہ آور بھی ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے، سب مارے گئے ہیں، بھارت کے ایجنڈے پر کام کرنے والے شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے رہیں گے۔پولیس کے مطابق کوئٹہ میں زرغون روڈ کے قریب زور دار دھماکا ہوا، جس کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، دھماکا اتنا شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے دروازے اور کھڑکیاں ٹوٹ گئیں، شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔قبل ازیں وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے شہر بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی، تمام کنسلٹنٹس، ڈاکٹرز، فارماسسٹس، سٹاف نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف ہسپتالوں میں طلب کر لیا گیا۔وزیر صحت بخت کاکڑ نے سول ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور بتایا کہ فتنہ الہندوستان کے دھماکے میں 10 افراد شہید اور 30 سے زائد زخمی ہوئے، 6 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔بخت کاکڑ نے کہا کہ دھماکے کے بعد 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنایا گیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.