بیجنگ:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین دنیا کے لیے قابل تقلیڈ ماڈل ہے، معاشی طاقت کے لحاظ سے چین کا کوئی ثانی نہیں۔پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر بیجنگ میں خصوصی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چینی نائب صدر ہین ژینگ نے شرکت کی اور یادگاری کیک کاٹا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین نے گزشتہ 75 برس میں بے مثال ترقی کی، معاشی طاقت کے لحاظ سے چین کا کوئی ثانی نہیں، چین دنیا کیلئے قابل تقلید ماڈل بن چکا ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ 2010 کے تباہ کن سیلاب میں چین نے پاکستان کی بھرپور مدد کی، صدر شی جن پنگ کی قیادت میں کروڑوں افراد غربت سے باہر آئے، خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے چین کی کوششیں قابل تحسین ہیں اور صدر شی جن پنگ تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کی دوستی کے بہترین دور کو سراہا اور کہا کہ یہ تعلقات چین اور پاکستان کے عظیم رہنماؤں نے انتہائی عزم، خلوص اور لگن سے استوار کیے، گزشتہ سات دہائیوں میں یہ تعلقات اس مقام تک پہنچ چکے ہیں کہ ان کی مثال ڈھونڈنا مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ سات دہائیوں میں چین نے محنت اور مسلسل کوششوں کے ذریعے عروج کی بلند ترین سطح حاصل کی، یہ دنیا کی دیگر اقوام کے لیے ایک شاندار مثال ہے کہ غربت اور بے روزگاری پر کیسے قابو پایا جا سکتا ہے، اگر آپ ثابت قدم رہیں تو آخرکار وہ مقام حاصل کر لیتے ہیں جہاں آج کا چین کھڑا ہے، ایک عالمی اقتصادی طاقت اور عالمی عسکری طاقت ہے۔انہوں نے پاکستان اور چین کی دوستی کے سنہری دور کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج ہم دو جسم نہیں بلکہ ایک روح اور ایک دل کی مانند ہیں، ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ عسکری طاقت میں بھی چین دنیا کی سب سے طاقتور قوموں کے برابر ہے، اس کے باوجود شی جن پنگ کا فلسفہ امن کے فروغ پر مبنی ہے، جو انہیں نہ صرف ایک عظیم شخصیت بلکہ اس دور کے سب سے زیادہ قابلِ احترام رہنماؤں میں شامل کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئیے ہم اس عظیم سفر سے سبق حاصل کرنے کا عزم کریں، جو سخت محنت اور مسلسل کوششوں سے عبارت ہے، ہمارے لیے یہ ایک طویل سفر ہے، لیکن دنیا کا سب سے لمبا سفر بھی پہلے قدم سے شروع ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئیے ہم یہ پہلا قدم اٹھائیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ ایک دن ہم پاکستان میں چینی طرز کے ایک چھوٹے معاشی ماڈل کو نافذ کرنے کے اپنے اہداف حاصل کر لیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی کی جڑیں بہت گہری ہیں، اس نے ہر طوفان کا مقابلہ کیا، سایہ فراہم کیا اور ثمرات دیے، اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس میں نئی شاخیں پیدا کریں تاکہ آنے والی نسلیں اس سے بھی مضبوط تعلقات کی وارث بنیں جن کا خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا۔
تبصرے بند ہیں.