Latest National, International, Sports & Business News

پاکستانی بچوں نے گوروں کو کرکٹ کی ’’اے بی سی‘‘ سکھا دی

ناٹنگھم: پاکستانی بچوں نے گوروں کوکرکٹ کی’’اے بی سی‘‘ سکھا دی، انڈر 19 ٹرائنگولر سیریز کی ناقابل تسخیر ٹیم نے فائنل میں انگلینڈ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا اور 192 رنزکی فتح کے ساتھ ٹرافی اپنے نام کرلی۔ گرین شرٹس نے حریف بولرزکے چھکے چھڑاتے ہوئے 343 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا، مین آف دی میچ کپتان سمیع اسلم نے 110 کی اننگز کھیلی، شایان جہانگیر 85 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، کامران غلام نے صرف 32 گیندوں پر 61 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، میزبان ٹیم ظفر گوہر کے عتاب کا شکار ہوکر 151 پر ڈھیر ہوگئی، اسپنر نے 25 رنز کی عوض 4 پلیئرزکو پویلین کی راہ دکھائی، حسین طلعت 3 اور محمد آفتاب 2 وکٹیں لے اڑے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے فیصلہ کن معرکے میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،، حسین طلعت (11) جب رخصت ہوئے تو مجموعی اسکور 24 تھا، سمیع اسلم نے امام الحق(19) کے ساتھ 46 رنز جوڑے، کپتان کا شاندار کھیل جاری رہا، انھوں نے شایان جہانگیر کی مدد سے تیسری وکٹ کیلیے اسکور میں 163 رنز کا اضافہ کیا، شایان نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 85 رنز بنائے،سمیع کی اننگز کا 110 پر اختتام ہوا، انھوں نے 121 میں سے 10 گیندوں کو باؤنڈری کی سیر کرائی۔اس کے بعد کامران غلام نے بولرز کی درگت بنانا شروع کردی، انہوں نے صرف 32 گیندوں پر 61 رنز اسکور بورڈ کی زینت بنا دیے، طوفانی اننگز میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل رہے، اس دوران حسن رضا 26 اور فرحان نذیر 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، پاکستان نے 6وکٹ پر 343 رنز کا مجموعہ تشکیل دے کر حریف بیٹنگ لائن کا امتحان لینے کی تیاری مکمل کرلی، پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرنے والی میزبان ٹیم پر ابتدائی ضربیں محمد آفتاب نے لگاتے ہوئے فنچ (5) اور ٹیٹرسل( 19) کو چلتا کیا،ڈکٹ کی اننگز کامران غلام نے صرف 2 تک محدود کردی، ظفر گوہر کی گھومتی گیندوں نے رہوڈز کو 14 پر پویلین بھیجنے کے بعد میک مینس(11) اور ہیمنڈ(4) کا قصہ بھی تمام کردیا۔ 116 کے مجموعی اسکور پر 6وکٹیں گرنے کے بعد ونسلیڈ(12)کی مزاحمت حسین طلعت نے توڑی،انھوں نے جوش شا کو تو کھاتہ کھولنے کا موقع نہ دیا، ظفر گوہر نے چوتھا شکار فشر کا کیا، حسین طلعت نے کارور کی وکٹ حاصل کرکے انگلینڈ کی کمزور مہم کا 151 پر اختتام کیا، یوں 192 رنز کے بھاری مارجن سے فتح کے ساتھ پاکستان کا ٹرافی پر قبضے کا مشن مکمل ہوگیا۔ظفر گوہر نے 7 اوورز میں صرف 25 رنز دیکر 4 شکار کئے، حسین طلعت 3 وکٹوں کے ساتھ دوسرے کامیاب بولر رہے، محمد آفتاب نے 2، کامران غلام نے ایک وکٹ کے ساتھ فتح میں اپنا حصہ ڈالا، سنچری میکر کپتان سمیع اسلم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.