دبئی: ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی درگت سے پاکستان کے وارے نیارے ہوگئے۔ کینگروز کی شکست سے مصباح الیون کی ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھی پوزیشن پکی ہوگئی، اوول ٹیسٹ میں فتح بھی آسٹریلوی ٹیم کو پانچویں نمبر پر جانے سے نہیں بچا پائے گی، کامیابی یا ڈرا کی صورت میں انگلینڈ بھارت سے دوسری پوزیشن چھین لے گا۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کا اس بار ایشز سیریز میں بُرا حشر ہوا، انگلینڈ اس میں پہلے ہی 3-0 سے حتمی برتری حاصل کرچکا جس کی وجہ سے نہ صرف کینگروز کو سیریز سے محروم ہونا پڑا بلکہ ٹیسٹ رینکنگ بھی تنزلی کا سامنا ہے، اوول ٹیسٹ کے بعد جاری شدہ تازہ ترین رینکنگ میں آسٹریلیا پانچویں نمبر پر پہنچ جائے گا، پاکستان ایک درجہ بہتری سے چوتھی پوزیشن سنبھال لے گا۔اگر آسٹریلیا آخری ٹیسٹ میں فتح بھی حاصل کرلے تب اس کے پوائنٹس پاکستان کے برابر 102 ہوجائیں گے، مگر اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے وہ خود کو پانچویں نمبر پر جانے سے نہیں روک پائے گا۔ یہ آسٹریلیا کی اگست 2011 کے بعد کمترین ٹیسٹ رینکنگ ہوگی، وہ تب بھی پانچویں نمبر تک گیا تھا۔ دوسری جانب انگلینڈ کی نگاہیں دوسری ٹیسٹ پوزیشن پر مرکوز ہیں، میزبان سائیڈ سیریز کے آغاز سے قبل 112 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پرتھی، اب اس کو بھارت سے دوسری پوزیشن چھیننے کیلیے صرف ایک اور فتح درکار ہے، میچ ڈرا کرنے سے بھی اس کا کام چل سکتا ہے۔ اگر انگلش ٹیم کامیابی حاصل کرے تب پوائنٹس بھارت سے ایک زیادہ 117 ہوجائیں گے،اگر مقابلہ ڈرا ہوا تب بھارت کے برابر 116 پوائنٹس ہی ہوں گے مگر اعشاریائی پوائنٹس کو جب جمع کیا جائے گا تب بھی انگلش ٹیم کو دوسری پوزیشن مل جائے گی۔ اس وقت ٹاپ پر موجود جنوبی افریقہ 135 پوائنٹس کے ساتھ باقی ٹیموں سے کہیں آگے ہے، چھٹے نمبر پر ویسٹ انڈیز، ساتویں سری لنکا، آٹھویں نیوزی لینڈ اور نویں پوزیشن پر بنگلہ دیش موجود ہے۔
تبصرے بند ہیں.