Latest National, International, Sports & Business News

وفاقی وزیر پٹرولیم کا پی ایس اوکا دورہ، حکام نے بریفنگ دی

کراچی: وفاقی وزیر پٹرولیم وقدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز پی ایس او ہاؤس کا دورہ کیا جہاں انہیں کمپنی حکام نے پی ایس او کے آپریشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر کے ہمراہ وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال خان اور سیکریٹری پٹرولیم عابد سعید بھی تھے۔ اس موقع پر پی ایس او کے ایم ڈی امجد پرویز جنجوعہ نے پٹرولیم مصنوعات کے اسٹوریج، درآمد اور فراہمی کے نیٹ ورک کے حوالے سے بریفنگ دی اور پی ایس او کے آئندہ کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ پی ایس او آزادانہ طور پر اپنے آپریشن کی دیکھ بھال اور توسیع پر کام کرے، اس ضمن میں انہیں حکومت کا ہر ممکن تعاون حاصل ہوگا تاہم اکثریتی شیئرہولڈر کی حیثیت سے حکومت اور بورڈ آف مینجمنٹ ادارے کے تمام معاملات پر نظر رکھیں گے اور اپنی تجاویز بھی پیش کرتے رہیں گے۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر کمپنی کو مربوط کارپوریٹ سوشل رسپانسبلیٹی پلان مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ملکی ترقی میں پی ایس او بھی بھرپور کردار ادا کرسکے۔ اس موقع پر سیکریٹری پٹرولیم عابد سعید نے بھی پی ایس او کی کارکردگی کی تعریف کی۔

تبصرے بند ہیں.