Latest National, International, Sports & Business News

نیو ہیون ٹینس؛ ووزینسکی نے سلونی کی پیشقدمی ختم کردی

نیوہیون / امریکا: دفاعی چیمپئن پیٹراکیوٹوا اور سابق فاتح کیرولین ووزینسکی نے نیوہیون ویمنز ٹینس کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ ڈینش اسٹار نے امریکی امیدوں کا محور سلونی اسٹیفنز کی پیشقدمی ختم کردی، سیمونا ہالیپ اور جمہوریہ چیک کی کارلا زاکاپولووا نے روسی حریفوں کو پچھاڑ کر فائنل فور کا ٹکٹ کٹوالیا۔ دوسری جانب ونسٹن سیلم اے ٹی پی میں فرانس کے گیل مونفلز نے 7 سیڈ فرنانڈو ورڈاسکو کوٹھکانے لگادیا، سام کیورے اور جرگن میلزر نے بھی فائنل فور میں جگہ بنالی۔ تفصیلات کے مطابق نیوہیون ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں چار مرتبہ کی فاتح کیرولین ووزینسکی نے امریکی وائلڈ کارڈ پلیئر سلونی اسٹیفنز کیخلاف7-6(8/6) اور 6-2 سے کامیابی پائی، سابق عالمی نمبرون کو ایونٹ میں فورتھ سیڈ دی گئی ہے، انھوں نے 2008 سے 2011 تک مسلسل چار برس تک ٹرافی اپنے قبضے میں رکھی تھی، گذشتہ برس جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹوا نے چیمپئن بننے کا اعزاز پایا تھا۔تھرڈ سیڈ کیوٹوا نے روسی حریف اناستاسیا پاولیچنکووا کیخلاف ابتدائی سیٹ ہارنے کے بعد زبردست کم بیک کرتے ہوئے میدان مارلیا، ان کی جیت کا اسکور 2-6، 6-2 اور7-5 رہا، سابق ومبلڈن چیمپئن کیوٹوا نے گذشتہ برس کے فائنل میں روسی حریف ماریا کریلنکو کو مات دی تھی، کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میرے لیے ایسے مقابلے بہت اہم رہتے ہیں جس میں اختتام تک ایک ایک پوائنٹ کے حصول کیلیے فائٹ کرنا پڑے، یہ سب کھیل کا حصہ تاہم مجھے مقابلہ 2 سیٹ میں ہی ختم کرنے پر زیادہ خوشی ہوتی ہے۔ کیوٹوا پہلی مرتبہ اعزاز کے دفاع کیلیے پُراعتماد ہیں ، سیمی فائنل میں ان کا سامنا ہموطن کارلا زاکا پولوا سے ہوگا، جنھوں نے2009 کی رنر اپ روسی پلیئر الینا ویسنینا پر 4-6، 6-0 اور 6-4 سے ہاتھ صاف کیا۔ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے ووزینسکی کے مقابل پہنچنے کیلیے روس کی ایکٹرینا ماکا رووا کو 6-1،7-6(8/6) سے قابو کرلیا، 21 سالہ سیمونا سات ایونٹس میں چوتھے ٹائٹل کو جیتنے کیلیے بے چین ہیں، انھوں نے رواں سیزن میں پہلی مرتبہ تین ڈبلیو ٹی اے ٹرافیاں اپنے نام کی ہیں۔ دوسری جانب ونسٹن سیلم اے ٹی پی میں فرانس کے گیل مونفلز نے 7 سیڈ فرنانڈو ورڈاسکو کو 6-7(8/10)، 6-4 اور 6-4 سے ٹھکانے لگایا،آسٹریا کے جرگن میلزر نے روسی حریف دیمیتری ترسنوف کو 6-4، 6-3 سے مات دے دی، 6 سیڈ سام کیورے نے لتھوینیا کے ریکارڈز برینکس کو 6-3، 6-4 سے زیر کرلیا، الیگزینڈر ڈولگوپولوف نے چائنیزتائپے کے لوین ہوشن کو 7-6(7/2)،6-3 سے قابو کیا۔

تبصرے بند ہیں.