Latest National, International, Sports & Business News

لبنان پر اسرائیلی فضائی حملے، کئی دیہات تباہ، جھڑپ میں 4 صیہونی فوجی ہلاک

بیروت:اسرائیل کو جنوبی لبنان میں زمینوں پر قبضے کی مہم میں شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ایک کارروائی کے دوران 4 اسرائیلی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔لبنان میں حزب اللہ اور قابض اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، اب تک کی لڑائی میں ایک ہزار سے زیادہ لبنانی شہید، ہزاروں زخمی جبکہ لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں، اسرائیل کے 10 فوجی مارے جا چکے ہیں۔لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں نے نبطیہ کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا اور کئی گھر تباہ ہو گئے۔قصبہ عبا پر ہونے والے حملے میں شادي حسن معلم جاں بحق ہو گئے، جب جنگی طیاروں نے ان کے گھر کو نشانہ بنایا، دوئیر میں بھی شدید بمباری کی گئی، جہاں الروس محلے میں ایک گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔اس کے علاوہ جبعشیت اور عبا کے درمیان الساموقعہ کے علاقے اور دیر الزہرانی کے المشاع محلے میں بھی حملے کیے گئے اور شہری انفراسٹرکچر تباہ کر دیا گیا۔اسرائیلی فوج نے نئے آپریشن کی تیاری شروع کردی اور جنوبی کے بعد مغربی لبنان کے شہریوں کو علاقہ چھوڑنے کا حکم دے دیا۔اسرائیلی فوج نے لبنان کے مغربی علاقے میں چھ دیہات خالی کرنے کا حکم دیا ہے، ممکنہ فوجی آپریشن سے قبل تمام شہری مغربی علاقے کو خالی کردیں۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے حملوں کے باعث 12 لاکھ لبنانی شہری گھر چھوڑ کر کہیں اور منتقل ہو چکے ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیلی اقدام پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان میں بے گھر افراد کی پناہ گاہیں مکمل طور پر بھر چکی ہیں اور ان پناہ گاہوں میں مزید لوگوں کے لئے گنجائش نہیں۔

تبصرے بند ہیں.