Latest National, International, Sports & Business News

لاہور کے ہوٹل میں آگ لگ گئی، ایک نوجوان جاں بحق، 5 افراد زخمی، 180 ریسکیو کر لیے گئے

لاہور کے علاقے گلبرگ کے مقامی ہوٹل کی بیسمنٹ میں اچانک آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا، 5 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے، 180 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے ہوٹل سے نوجوان کی لاش نکال لی ہے، نوجوان کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی۔ترجمان ریسکیو 1122 پنجاب نے بتایا کہ ہوٹل انتظامیہ کے مطابق سی سی ٹی وی آپریٹر شہریار اور ریاض لاپتہ ہیں، 200 کے قریب باقی تمام عملہ محفوظ ہے، ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تمام لوگ ریسکیو ہو چکے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ 19 منزلہ پلازہ ہے اور ایریا 4 کنال ہے، پلازہ کی 3 بیسمنٹ ہیں، شدید متاثر بیسمنٹ ون ہے، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد زمان نے جائے وقوعہ پر بتایا کہ آگ صرف ہوٹل کے بیسمنٹ میں لگی، جسے بجھانے کا کام جاری ہے، ہوٹل سے 180 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا، اس وقت عمارت کے اندر کوئی بھی شخص موجود نہیں ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ آگ کی وجہ سے زخمی ہونے والے شخص کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، بیسمنٹ کے اندر پانی وافر مقدار میں موجود ہے، آگ کو بہت جلد کنٹرول کر لیا جائے گا۔ہوٹل کی چودھویں منزل سے نکلنے والے شخص ہمایوں نے بتایا کہ میں چودھویں منزل پر موجود تھا جب آگ لگی، میں آگ لگنے کے بعد سیڑھیوں سے نیچے آیا ہوں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 ٹیموں نے گلبرگ ہوٹل میں محصور تمام 180 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے حکم پر صوبائی وزیر، چیف سیکرٹری اور ڈی جی ایل ڈی اے اور ڈی سی لاہور موقع پر موجود ہیں، ہدایت کی گئی جب تک آپریشن مکمل نہ ہو، ایک ایک شخص بحفاظت نکل آ نہ آئے، پوری ٹیم ریسکیو آپریشن جاری رکھے۔اس وقت ریسکیو 1122 کی جانب سے پوری عمارت کی انسپکشن جاری ہے۔

تبصرے بند ہیں.