شمالی غزہ کے علاقے بیت حانون میں حماس کے ساتھ جھڑپ کے دوران 5 صہیونی فوجی ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے، جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔جھڑپ رات کو پیش آئی جب اسرائیلی فوج کے اہلکار گشت کے دوران روڈ سائیڈ بم کا نشانہ بنے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو نکالنے کے دوران شدید فائرنگ کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ان کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔فوج کے مطابق، جس مقام پر جھڑپ ہوئی، اس پر پہلے فضائی حملے کیے گئے تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ اہلکار پیدل گشت کے دوران بم کا نشانہ بنے۔ادھر قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جنگ بندی کے لیے ہونے والے اسرائیل-حماس مذاکرات کا پہلا مرحلہ کسی نتیجے کے بغیر ختم ہو گیا۔ مذاکرات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کی شرکت متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق امریکا کی جانب سے 60 دن کی جنگ بندی کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت حماس 10 زندہ یرغمالی اور کچھ لاشیں واپس کرے گی، جبکہ اسرائیل فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔حماس نے مذاکرات میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں امداد کی تقسیم، اسرائیلی فوجی انخلا کی ضمانت، اور دوبارہ جھڑپیں نہ ہونے کی یقین دہانی جیسے مطالبات بھی پیش کیے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.