عمر اکمل کی پراسرار بیماری کاکھوج لگانے کیلیے کراچی کے اسپتال میں مختلف ٹیسٹ کرائے گئے، ذرائع کے مطابق ان کی رپورٹس کلیئر آئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹوئنٹی لیگ کے دوران بیماری کی وجہ سے عمر اکمل کو اسپتال میں رہنا پڑا تھا، پی سی بی نے رپورٹ ملنے پر انھیں دورئہ زمبابوے کی ٹیم سے دستبردار کرا لیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمر کو مرگی کا دورہ پڑا تھا تاہم انھوں نے اسے ماننے سے انکار کر دیا، ان کا موقف تھا کہ وہ مکمل فٹ اور قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے لیے تیار ہیں۔ وطن واپسی پر وہ ویسٹ انڈین ڈاکٹرزکی رپورٹس بھی ساتھ لے کر آئے تھے،پی سی بی نے شوکت خانم میموریل اسپتال سے ان کے دماغ کا ایم آر آئی ٹیسٹ کرایا۔بعد ازاں بورڈ ہی کی طرف سے ایک معروف نیورولوجسٹ کی خدمات حاصل کی گئیں،عمر اکمل پی سی بی میڈیکل کمیشن کے ڈاکٹر سہیل سلیم کے ہمراہ کراچی گئے جہاں گذشتہ روز ان کا مقامی اسپتال میں سٹی اسکین ٹیسٹ ہوا، اس موقع پر کسی اور بیماری کی تشخیص کیلیے خون کے نمونے بھی لیے گئے۔ ذرائع کے مطابق لاہور اور کراچی کے دونوں بڑے اسپتالوں میں عمر اکمل کی رپورٹس کلیئر ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کا میڈیکل کمیشن ان کا اپنے طور پر جائزہ لے گا جس کے بعد قائم مقام چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا،ان کی ہدایت پرعمر اکمل کے قومی ٹیم میں دوبارہ نمائندگی کا فیصلہ کیا جائے گا۔دوسری جانب کراچی میں طبی معائنے کے بعد عمر اکمل لاہور پہنچ گئے تاہم میڈیا کے ساتھ بات چیت سے گریز کیا۔
تبصرے بند ہیں.