لاہور: سابق ٹیسٹ کپتانوں نے دورہ زمبابوے میں نوجوان کرکٹرز کو موقع نہ دیے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے، ان کے مطابق مستقبل میں مضبوط ٹیم کی تشکیل کیلیے نئے کھلاڑیوں کو گروم کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت تھی۔ تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے سبب ملکی میدان 2009 سے ویران ہیں،کوئی ہوم سیریز نہ ہونے کے باعث پاکستان کو مستقبل کیلیے نئے کرکٹرز گروم کرنے کا موقع نہیں مل رہا، اس کمی کو پورا کرنے کیلیے دورہ زمبابوے میں نیا ٹیلنٹ آزمانے کی تجاویز سامنے آئیں لیکن سلیکٹرز نے روایتی انداز میں چند تبدیلیاں کرکے اسکواڈز کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ظہیر عباس نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم میں بہت کم نئے کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا گیا، مستقبل کی مضبوط ٹیمیں تشکیل کیلیے ضروری ہے کہ نوجوان کرکٹرز کوصلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے، ایشین ڈان بریڈ مین نے کہا کہ زمبابوے جیسے کمزور حریف کیخلاف نئے ٹیلنٹ کو آزمانے کا اچھا موقع تھا جس سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا، انور علی کو صرف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں رکھا جانا مستقبل میں اس کی ٹیسٹ کرکٹ نہ ہونے کی طرف اشارہ کررہا ہے۔
تبصرے بند ہیں.