زمبابوے جیسی کمزور ٹیم کیخلاف ناقابل یقین شکست سابق کپتان وسیم اکرم بھی ہضم نہیں کر پائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اوسط درجے کے بولرز کا اس انداز میں سامنا کیا گیا جیسے وہ گیند نہیں بم پھینک رہے ہوں۔ تفصیلات کے مطابق پہلے ون ڈے میں زمبابوین سائیڈ نے پاکستان کو7 وکٹ سے مات دیکر سب ہی کو حیران کر دیا، دیگر سابق کرکٹرز کی طرح وسیم اکرم کو بھی اس پر سخت تعجب ہے، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ میزبان ٹیم میں شامل بولرز کے میں نام بھی نہیں جانتا، ایسے غیر معروف پلیئرز کا ایسا سامنا کیا گیا جیسے وہ گیند نہیں بلکہ بم پھینک رہے ہوں، انھوں نے کہا کہ بنگلہ دیش اور زمبابوے اوسط درجے کی ٹیمیں ہیں،ان کیخلاف ایسی کارکردگی کسی صورت قابل قبول نہیں،صرف 244رنز بنانا اور 2فاسٹ بولرز کو کھلانا سمجھ سے باہر ہے، جتنی بھی ٹرننگ پچ ہو اتنے کم پیسرز پر انحصار درست نہیں ہوتا۔وسیم اکرم نے مزید کہا کہ محمد حفیظ کو بطور چھٹا بولر ہی استعمال کیا جا سکتا ہے، وہ5،6 یا اپنے اچھے دن10اوورز بھی اچھے کر سکتا ہے، مگر اسے بطور بولر کھلانا مناسب نہیں۔ سابق کپتان نے اوپننگ بیٹسمین ناصر جمشید کو بھی خوب آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ صرف23سال کی عمر میں وہ ڈھیلے ڈھالے انداز میں کھیلتا نظر آتا ہے، بطور پروفیشنل کرکٹر اسے خود میں ڈسپلن لانا ہو گا، آفیشلز بھی اس پر نظر رکھیں کہ کیا کھاتا اور پیتا ہے تاکہ فٹنس میں بہتری لائی جا سکے۔ وسیم نے کہا کہ عظیم فتح سے کمزور زمبابوین ٹیم کے حوصلے بلند ہو گئے اور وہ زیادہ اعتماد سے بقیہ دونوں میچز میں حصہ لے گی، اب تمام تر دبائو پاکستان پر آ چکا، ایسے میں مصباح کو مثبت کرکٹ کھیل کر فتح کی کوشش کرنا ہوگی۔
تبصرے بند ہیں.