Latest National, International, Sports & Business News

دال گلتی نہ دیکھ کر بورڈ کو انڈر 23 ٹیم کا اعلان کرنا ہی پڑا

لاہور: دال گلتی نہ دیکھ کر پاکستان کرکٹ بورڈ کوانڈر23 ٹیم کا اعلان کرنا ہی پڑگیا،اختیارات کی کمی کا رونا رونے والوں نے سلیکٹرزکے معاہدوں میں1 ماہ کی توسیع کر دی۔ اے سی سی ایمرجنگ کپ کیلیے 15 رکنی اسکواڈکا کپتان حماد اعظم کو مقرر کیا گیا ہے، آفتاب بلوچ منیجراور منصوررانا بطورکوچ ساتھ جائیں گے، ایونٹ 15 سے 26 اگست تک سنگاپور میں کھیلا جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے نگران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے اختیارات محدود کیے جانے کے بعد چیف سلیکٹر معین خان کی تقرری بھی کالعدم قرار دی جاچکی ہے، انھیں مستعفی اقبال قاسم کی جگہ عہدہ سونپا گیا تھا۔ اس صورتحال میں بورڈ کی طرف سے قومی ٹیموں کے اعلان میں تاخیر سمیت انتظامی بحران کا خوب ڈھنڈورا پیٹا گیا تاکہ عبوری سیٹ اپ کے ہاتھ پاؤں کھلوانے کے جواز تلاش کیے جا سکیں جبکہ متبادل راستے موجود تھے،بالآخر پانی سر سے گزرتا دیکھ کر سنگاپور میں 15 سے 26 اگست تک شیڈول اے سی سی اے ایمرجنگ کپ کیلیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، سیلکٹرز سلیم جعفر، اظہر خان اور فرخ زمان کے معاہدے یکم جولائی کو ختم ہوگئے تھے، ان میں ایک ماہ کی توسیع کرتے ہوئے کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کا موقع فراہم کردیا گیا۔یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نجم سیٹھی کو بڑے فیصلوں سے گریز کرتے ہوئے صرف الیکشن تک روز مرہ امور انجام دینے کی ہدایت دی تھی۔ پی سی بی کی پریس ریلیز میں بتایا گیاکہ اٹارنی جنرل آف پاکستان سے مشاورت کے بعد سلیکشن کمیٹی ارکان کے معاہدوں میں توسیع اور فرائض ادا کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی فہرست قبل ازیں تیار کرلی گئی تھی تاہم قانونی پیچیدگی دور ہونے کے بعد 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا۔ ایونٹ کیلیے منتخب ٹیم کی قیادت حماد اعظم کے سپرد کی گئی، دیگر پلیئرز میں عمروحید، بابر اعظم، احسان عادل، رضا حسن، عمر صدیق، عثمان صلاح الدین، عثمان قادر، محمد وقاص، بلاول بھٹی، رومان رئیس، عظیم گھمن، وکٹ کیپر محمد رضوان، ناصر ملک اور محمد نواز شامل ہیں۔ آفتاب بلوچ منیجر، منصور رانا کوچ، عثمان غنی فزیو تھراپسٹ اور ابرار احمد ٹرینر کے طور پر ٹیم کے ہمراہ جائینگے۔ ریزور کھلاڑیوں میں تیمور علی، میرحمزہ، جمال انور، شاہ زیب، اور ذیشان علی اشرف کو شامل کیا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.