آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن(اپٹما) نے آئندہ تین سال کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات26ارب ڈالر تک پہچانے کے لیے نئی حکمت عملی پر کام شروع کر دیاہے۔ اپٹما نے یورپی یونین کے رکن ممالک کی مارکیٹوں تک ڈیوٹی فری رسائی کی سہولت حاصل کرنے کے بعد یکم جنوری 2014 سے ٹرپل باٹم لائن انیشیٹیو کے تحت ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات 26ارب ڈالرتک بڑھانے کی پالیسی ترتیب دی ہے، مجوزہ ٹی بی ایل اسکیم کے تحت امریکا اوریورپی ممالک میں ٹیکسٹائل شوز کا بھی انعقاد کیا جائے گا، اپٹما کے چیئرمین احسن بشیر نے بتایا کہ یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس کا درجہ حاصل کرنے کے بعد پاکستانی برآمدکنندہ ٹیکسٹائل انڈسٹری نے اسکیم سے بھرپوراستفادہ کرنے کی ٹھان لی ہے تاکہ پاکستانی برآمدات کا حجم بڑھ سکے اور قیمتی زرمبادلہ کی آمد بھی بڑھ سکے۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے حوالے سے نوازحکومت کے اقدامات کو لائق تحسین قراردیتے ہوئے بتایا کہ طویل دورانیے کے بعد پنجاب میں بڑی حد تک توانائی بحران حل کرلیا گیا ہے جس سے وقتی طور پر پیداواری صلاحیت 90فیصد تک پہنچ گئی ہے، انہوں نے بتایا کہ توانائی بحران جوں جوں کم ہوتا جائے گا اسی تناسب سے اپٹما نے پلان ترتیب دیا کہ اگلے ہدف کے طور پر وہ پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی بین الاقوامی تجارت میں توسیع دے، مجوزہ پلان کے تحت آئندہ تین سال کے دوران پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کو30 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.