لاہور:اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے اپوزیشن کے 26 ارکان کے خلاف الیکشن کمیشن میں دائر ریفرنس کے معاملے پر اپوزیشن جماعت نے آئندہ ہفتے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع اپوزیشن کے مطابق آئندہ ہفتے ریفرنس اور اسپیکر کی رولنگ کے خلاف پٹیشن دائر کی جائے گی جبکہ پٹیشن میں اسپیکر پنجاب اسمبلی کو فریق بنایا جائے گا۔اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے ریفرنس سے متعلق پارٹی قیادت و قانونی ماہرین سے مشاورت کی، جس میں ریفرنس کے نکات اور اسپیکر کی جانبداری پر پٹیشن تیار کی جائے گی۔پنجاب اسمبلی میں حکومتی وزراء اور ارکان کے احتجاج کی فوٹیج کو بھی پٹیشن کا حصہ بنایا جائے گا۔پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے اہم مشاورتی اجلاس میں اپوزیشن کی رائے تھی کہ احتجاج پر اپوزیشن کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا تو حکومت ارکان کے خلاف کیوں نہیں کیا۔ذرائع کے مطابق اسپیکر کی جانب سے عمر عطا بندیال کے جس فیصلے کو نظیر بنا کر ریفرنس تیار کیا گیا ہے اسکے خلاف قاضی فائز عیسیٰ فیصلہ دے چکے ہیں۔ اسپیکر کو پارلیمانی لیڈر کی جانب سے کوئی ایسا مکتوب نہیں ملا کہ معطل ہونے والے ارکان انکے احکامات یا ہدایات پر عمل نہیں کر رہے۔اپوزیشن اسپیکر کے ریفرنس کے خلاف الیکشن کمیشن میں اپنا کیس لڑے گی۔
تبصرے بند ہیں.