Latest National, International, Sports & Business News

آصف پیر کو ’’پی سی بی کی عدالت‘‘ میں پیش ہوں گے

اسپاٹ فکسر آصف پیر کو’’پی سی بی کی عدالت‘‘ میں پیش ہوں گے، شعبہ سیکیورٹی اینڈ ویجیلنس کے کرنل اعظم و دیگر ان سے رقم کے عوض نو بال کرنے کی تفصیلات معلوم کرینگے۔ دوسری جانب عامر کے معاملے میں تاحال آئی سی سی کی جانب سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی، سلمان بٹ نے تو اعتراف جرم کے بعد بورڈ سے رابطہ کرنا ہی مناسب خیال نہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق 2010 کے لارڈز ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنگ سے ملک کو بدنام کرنے والے تینوں کرکٹرز کئی برس بے گناہی کا ڈھنڈورا پیٹتے رہے، کوئی دال نہ گلتی دیکھ کر آخرکار انھیں اپنے جرم کا اعتراف کرنا ہی پڑا، آصف نے عامر اور سلمان بٹ کے بعد سب سے آخر میں اپنی غلطی قبول کی، اب پی سی بی نے انھیں پیر کے روز طلب کر لیا ہے۔پیسر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ بورڈ کے شعبہ سیکیورٹی اینڈ ویجیلنس کے کرنل اعظم و دیگر آفیشلز ان سے اسپاٹ فکسنگ کیس کی تفصیلات معلوم کرینگے، آصف سے پوچھا جائیگا کہ یہ سب کچھ کیسے کیا اور کس کی مدد حاصل تھی، ان کے جواب کی روشنی میں ہی آئندہ کا لائحہ عمل طے ہو گا۔ دریں اثنا عامر کو پریکٹس و دیگر سہولتوں سے استفادے کیلیے پی سی بی کی درخواست پر اب بھی کام شروع نہیں ہو سکا، آئی سی سی نے اس ضمن میں ایک کمیٹی قائم کر دی تھی مگر تاحال اس کا کوئی اجلاس نہیں ہوا ہے۔ دوسری جانب سابق کپتان اور اسپاٹ فکسنگ کیس کے مرکزی کردار سلمان بٹ اعتراف جرم کے بعد خاموش ہو کر بیٹھ گئے، انھوں نے تاحال بورڈ سے کوئی رابطہ نہیں کیا، یاد رہے عامر نے آئی سی سی سے مکمل تعاون کرتے ہوئے کرپشن کی روک تھام کیلیے خصوصی پیغام بھی ریکارڈ کرایا تھا۔

تبصرے بند ہیں.