واٹس ایپ، پرائیویسی پالیسی کے حوالے سے دوبارہ نوٹیفیکیشن بھیجنا شروع

لاہور (نیوز ڈیسک) واٹس ایپ نے رواں سال جنوری میں دنیا بھر میں صارفین کو نئی پرائیویسی پالیسی اور اصول و ضوابط میں تبدیلیوں سے آگاہ کرنے کے لیے نوٹیفکیشنز بھیجنا شروع کیے تھے۔

اس وقت نوٹیفکیشنز میں بتایا گیا تھا کہ نئی پالیسی کا نفاذ 8 فروری سے ہوگا تاہم لوگوں کے شدید ردعمل پر پرائیویسی پالیسی کا اطلاق 15 مئی تک ملتوی کردیا گیا تھا۔

اب فیس بک کی زیرملکیت کمپنی کی جانب سے ایک بار پھر پالیسی کے حوالے سے نوٹیفکیشنز بھیجنے کا سلسلہ شروع ہورہا ہے۔

واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo نے بتایا کہ میسجنگ ایپ میں صارفین کو نئی پالیسی کے حوالے سے آگاہ کرنے کے لیے الرٹس بھیجنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

تاہم اس بار کمپنی کی جانب سے یہ نوٹیفکیشنز ان صارفین کو بھیجے جارہے ہیں جن کی جانب سے اب تک نئی پالیسی کو قبول نہیں کیا گیا۔

آسان الفاظ میں اگر جنوری میں آپ اس طرح کے نوٹیفکیشن کو مسترد کرنے کی بجائے اسے قبول کرچکے ہیں تو آپ کو دوبارہ پالیسی کے بارے میں رائے نہیں لی جائے گی۔

نئے نوٹیفکیشن کے اسکرین شاٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ کمپنی کی جانب سے صارفین کو بتایا جارہا ہے کہ نئی پالیسی اور اصول و ضوابط کا اطلاق 15 مئی سے ہوگا۔

کمپنی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ تبدیلی کے باوجود واٹس ای میں تمام چیٹس اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوں گی، جبکہ کاروباری اداروں سے چیٹ کو آسان بنایا جارہا ہے، جس کا کچھ حصہ فیس بک سے شیئر کیا جاسکتا ہے، مگر یہ آپشنل ہوگا یعنی صارف کو ہی اس کا انتخاب کرنا ہوگا۔

مزید براں صارفین کو یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ کاروباری ادارے ان سے کی گئی چیٹس کا انتظام کس طرح کرتی ہے۔

رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ نئی پالیسی کو قبول نہ کرنے والوں کے ساتھ کیا ہوگا مگر اس حوالے سے فروری میں ایک رپورٹ میں تفصیلات سامنے آئی تھیں۔

اگر کمپنی کے مطالبے پر بھی صارفین کی جانب سے نئی پالیسی کو تسلیم نہیں کیا گیا تو مختصر مدت کے لیے وہ افراد کالز اور نوٹیفکیشن تو موصول کرسکیں گے مگر ایپ میں میسجز بھیج یا پڑھ نہیں سکیں گے۔

ای میل کے مطابق یہ ‘مختصر وقت’ کئی ہفتوں کا ہوگا جبکہ ایف اے کیو کا نیا پیج کا لنک بھی دیا گیا جس میں ایسے صارفین کے حوالے سے اقدامات کی تفصیلات دی گئی ہے۔

کمپنی نے واضح کیا کہ غیرمتحرک کیے جانے والے صارفین 15 مئی کے بعد بھی نئی پالیسی یا اپ ڈیٹس کو قبول کرسکیں گے۔

ایسے غیرمتحرک صارفین کے حوالے سے واٹس ایپ کی پالیسی میں واضح کیا گیا کہ اکاؤنٹس عام طور پر غیرمتحرک ہونے کے ٍ120 دن بعد ڈیلیٹ کیے جاتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.