غداری کیس،مشرف انجیوگرافی بیرون ملک سے کرانا چاہتے ہیں،میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش

اسلام آباد()پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس میں سابق صدر کی میڈیکل رپورٹ پیش کردی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق صدر انجیو گرافی بیرون ملک سے کرانا چاہتے ہیں۔عدالت نے کیس کی سماعت 29 جنوری تک ملتوی کر دی۔

غداری کیس کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی،سابق صدر کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سابق صدر کی زندگی بچانے کے لیے انجیوگرافی بہت ضروری ہے،پرویز مشرف انجیوگرافی بیرون ملک سے کرانا چاہتے ہیں جس کی اجازت دی جائے۔ سابق صدر پرویز مشرف کا علاج کرنیوالے ڈاکٹروں کے میڈیکل بورڈ کی جانب سے تیار کی گئی رپورٹ سربمہر لفافے میں خصوصی عدالت پہنچائی گئی۔ذرائع کے مطابق رپورٹ میں پرویز مشرف کے ہسپتال داخل ہونے کے بعد کیے گئے طبی معائنے کا تفصیلی ذکر کیا گیا ہے۔مشرف کے وکیل نے جج سے استدعا کی رپورٹ کو خفیہ رکھا جائے گا ، سابق صدر کے گزشتہ میڈیکل ٹیسٹ اور ان کا رزلٹ بھی میڈیکل رپورٹ کا حصہ ہے۔خصوصی عدالت نے میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے سماعت 20 منٹ کے لیے ملتوی کی،سماعت دوبارہ شروع ہونے پر پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے میڈیکل رپورٹ پر اعتراضات پیش کیے کہ میڈیکل رپورٹ میں کسی سنگین بیماری کا ذکر نہیں،پرویز مشرف کو کیا آرمی کے ڈاکٹروں پر اعتماد نہیں ہے،مشرف کے وکلاء نے مجھ پر حملہ کرنے کی کوشش کی ہے۔اس دوران اکرم شیخ اور مشرف کے وکلاء کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی،اکرم شاہ نے کہا کہ پاکستان اور فوج کے خلاف بات کرنے والے کے ٹانگیں چیر دوں گا جس پر جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے کہ یہ عدالت ہے اسے اکھاڑہ نہ بنایا جائے اور نہ معاملے کو بے وجہ طول دیں۔میں نے دونوں فریقوں میں اضطراب کی کیفیت نوٹ کی ہے،عدالت کا مذاق اڑایا جارہاہے،اس طرح سے عدالتی معاملات آگے نہیں بڑھتے،آئندہ سماعت پر میڈیکل رپورٹ پر جرح بھی ہوگی اور فیصلہ بھی سنائیں گے۔خصوصی عدالت نے غداری کیس کی سماعت 29 جنوری تک ملتوی کردی۔

تبصرے بند ہیں.