لاہور (نیوز ڈیسک) بھارتی ڈرامے ‘یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے’ سے مقبولیت پانے والی اداکارہ حنا خان بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئیں۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چند روز قبل حنا خان کے والد کا انتقال ہوا تھا اور اب اداکارہ کورونا سے متاثر ہونے کے بعد قرنطینہ میں ہیں۔
انہوں نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں کہا کہ ‘مجھ سمیت میرے اہلخانہ کے لیے انتہائی مشکل اور چیلنجنگ وقت کے دوران میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے’۔
حنا خان نے مزید لکھا کہ ‘ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے انہوں نے گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے اور وہ تمام ضروری احتیاطی تدابیر پر عمل کررہی ہیں’۔
اس سے قبل 24 جنوری کو حنا خان نے انسٹاگرام اسٹوریز میں شیئر کیے گئے بیان میں والد کے انتقال کی رپورٹس کی تصدیق کی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ ‘میرے والد اسلم خان 20 اپریل، 2021 کو انتقال کرگئے تھے، اس مشکل وقت میں میرے اہلخانہ سے متعلق تشویش پر آپ سب کی مشکور ہوں’۔
خیال رہے کہ بھارت ان دنوں کورونا وائرس کی وجہ سے شدید بحرانی صورتحال کا شکار ہے۔
27 اپریل کو بھارت میں کورونا کے مزید 3 لاکھ 23 ہزار کیسز سامنے آئے جبکہ 771 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
حنا خان نے یہ بھی کہا تھا کہ ‘چونکہ وہ اور ان کے اہلخانہ والد کے انتقال کی وجہ سے دکھی ہیں لہذا اس دوران ان کی ٹیم ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہینڈل کرے گی’۔
اپنے والد کے انتقال سے قبل وہ کشمیر میں ایک پروجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں اور سوشل میڈیا پر مداحوں کی ایک بڑی تعداد نے ان سے تعزیت کی تھی۔
خیال رہے کہ حنا خان نے بھارتی ٹی وی کے ڈرامے ‘یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے’ سے بہت زیادہ شہرت پائی۔
وہ بگ باس سیزن 11 کا حصہ تھیں جبکہ گزشتہ برس سیزن 14 میں ‘سینئر ‘ کے طور پر شو میں شریک ہوئی تھیں۔
تبصرے بند ہیں.