مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ سادہ اکثریت سے ن لیگ حکومت بنائے گی۔لاہور میں مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللّٰہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہر حلقے میں ایک سے زائد چوائسز میسر ہیں، بڑی تعداد میں ہمارے کارکنان اور لیڈرز نے الیکشن لڑنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ اگلے ہفتے سے پارلیمانی بورڈز کی میٹنگ کا آغاز کریں گے اور ہر ڈویژن کو علیحدہ سے دیکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے، پنجاب میں ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں نواز شریف بڑا جلسہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن مہم کو منظم انداز میں چلانے کا فیصلہ کیا ہے، ن لیگ پنجاب کی141سیٹوں میں سے 120سے 125سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے ایک تجربہ کار اور مخلص قیادت ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے لیڈ کرے، نواز شریف نے پہلے بھی ملک کو 2 مرتبہ ایسے بحرانوں سے نکالا ہے۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سازش نہ کی جاتی تو ملک آج ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہوتا، ہم نےسازشوں، حالات، مشکلات اور جھوٹے مقدمات کا جرأت و حوصلے کے ساتھ سامنا کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو بحران سے نکالنے کا عزم اور قوم سے وعدہ کیا ہے، تنقید کا ہم برا نہیں مناتے لیکن تنقید ایک دائرے اور حد میں ہونی چاہیے، تنقید سیاسی انداز میں ہونی چاہیے اور ایسی تنقید کو برداشت کیا جاسکتا ہے۔رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ نواز شریف پر عوام اعتماد کریں گے، اگر کوئی لیڈر یا جماعت دعویٰ کرتی ہے تو ہمیں تشویش نہیں، تمام جماعتیں الیکشن میں حصہ لیں گی اور فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔
تبصرے بند ہیں.