پچھلی حکومت نے چور ڈاکو کی گردان کے سوا کوئی کام نہیں کیا: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو کندھوں پر بٹھا کر اقتدار میں لایا گیا، گزشتہ 4 سال پی ٹی آئی حکومت نے برباد کر دیئے، پچھلی حکومت نے چور ڈاکو کی گردان کے سوا کوئی کام نہیں کیا۔وزیراعظم نے ملتان میں زیر تعمیر نشتر ٹو ہسپتال کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، حکام کی جانب سے شہبازشریف کو منصوبے پر بریفنگ بھی دی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے ہسپتالوں کو فنڈ جاری نہ کر کے بربادی کی، گزشتہ 4 سال شدید غفلت برتی گئی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دکھی انسانیت اس انتظار میں تھی کہ ہسپتال مکمل ہوتے، پی ٹی آئی حکومت میں انتقامی سیاست کی وجہ سے انسانی خدمت کو روکا گیا، عوامی مفادات کے منصوبوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال کے عملے کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، بتایا گیا ہے کہ مشینری کافی حد تک باہر سے آچکی ہے، ہسپتال 30 ستمبر تک تعمیر کے مراحل مکمل کرے گا، لوگ اس ہسپتال سے پوری طرح فیض یاب اور مستفید ہوں گے۔وزیراعظم نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو اس منصوبے کی تکمیل کے لئے دن رات کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو حمزہ شہباز کی قیادت میں مختصر مدت کے لئے پنجاب میں خدمت کا موقع ملا لیکن جو کچھ ان کے ساتھ ہوا وہ بھی تاریخ کا حصہ ہے، ماضی میں ہماری حکومتیں ختم نہ کی جاتیں اور چیئرمین پی ٹی آئی کو اقتدار میں نہ لایا جاتا تو پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہوتا۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ایک پارٹی کے سربراہ کی چور ڈاکو، چور ڈاکو کی گردان ختم نہیں ہوتی تھی، کھربوں روپے ان کے پاس تھے، ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھے رہے۔اس موقع پر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، پنجاب کے گورنر بلیغ الرحمان اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی ہمراہ تھے۔واضح رہے کہ 500 بیڈز پر مشتمل نشتر -ٹو ہسپتال سے جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں کے عوام مستفید ہوں گے۔

تبصرے بند ہیں.