بحرانوں سے نہ نکلنے کی ایک وجہ عدالتوں کا انصاف نہ کرنا ہے: وزیرداخلہ

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کاکہنا ہے کہ موجودہ بحرانوں کی ایک وجہ ججز اور عدالتوں کا انصاف نہ کرنا ہے ۔وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ ملک میں سب سے بڑا ایوان ہے، سماعت میں کس قسم کے الفاظ کا استعمال کیا گیا ؟بینچ میں چیف جسٹس کے بعد نامزد چیف جسٹس نے کہا اس عدالت کو نہیں مانتا، میں یہ بات کہوں توتوہین عدالت کا مرتکب ہوجاؤں۔وزیرداخلہ نے مزید کہا اسمبلی نے جو قانون پاس کیا ہےعدالت آئین کے مطابق فیصلہ کرے ، قانون یہ کہتا ہے کہ بینچ تین سینئرممبر کے کمیٹی بنائے گی ،کمیٹی جو بینچ بنائے گی وہ آئینی اور قانونی ہوگا ،محترم سینئرجج کا موقف ہے کہ یہ بینچ اس کمیٹی نے نہیں بنایا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آئین میں قانون کی تشریح کرنے کا اختیارعدالت کے پاس ہے،دونوں سینئر وکلاء اپنی اننگز کھیل چکے ہیں ، دونوں ممبران نے پی ٹی آئی چیئرمین سے لاہور میں ملاقات کی ہے ،پٹیشن دائرکرنے سے قبل دونوں سینئروکلاء چیئرمین پی ٹی آئی سے ملے، اس کے بعد یہ دونوں وکلاء چیف جسٹس سے ملے،دونوں نے کہا چیف جسٹس صاحب آپ کو پہلے کہا تھا کہ فل کورٹ بنا دیں ، آپ کی یہ بات چیف جسٹس سے کہاں پر ہوئی تھی۔رانا ثنااللہ نے مزید کہا قاضی فائزعیسیٰ کو ایک سال سے کسی بینچ میں شامل نہیں کیا گیا ، اگرسپریم کورٹ کے فیصلوں کے پیچھے اس قسم کے عوامل ہوں گے، جب مرضی کے بینچ بنا کرمرضی کے فیصلے ہوں گے تو ان میں قوت نہیں ہوگی ،عدلیہ کے فیصلوں کی طاقت غیرجانبداری میں ہے، ناانصافی پر مبنی فیصلوں پرعملدرآمد نہیں ہوسکتا ۔ان کاکہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ یونان میں ڈوبنے والی کشتی میں 700 نوجوانوں کو سوار کروایا گیا تھا جبکہ گنجائش 400 افراد کی تھی ،, حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 350 ہے جبکہ 281 خاندانوں نے حکومت سے رابطہ کیا، متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے ڈیسک قائم کر دیئے گئے، وزیراعظم شہباز شریف نے معاملے پر کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

تبصرے بند ہیں.